وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی کی ملاقات، باہمی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی کی ملاقات، باہمی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی نے ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں میں پاکستان اور یو اے ای کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پاکستانی عوام کی طرف سے متحدہ عرب امارات کے سابق صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شیخ خلیفہ مرحوم پاکستان کے دوست تھے، ان کی وفات دونوں ممالک کے لئے بڑا نقصان ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ یو اے ای کے نئے صدر شیخ محمد بن زید بن سلطان النہیان وژنری اور ترقی پسند لیڈر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور صدر شیخ محمد بن زید آنے والی نسلوں کی ترقی و خوشحالی کا انقلابی وژن رکھتے ہیں۔ دونوں قائدین دونوں ممالک کے درمیان معاشی، تجارتی، سماجی سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں مضبوط تعلقات اور روابط کے فروغ کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے نئی فلم و کلچر پالیسی پر عمل شروع کیا ہے۔ یو اے ای اے کے فلم سازوں اور سرمایہ کاروں کو فلم اور ڈرامہ کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے دوبئی ایکسپو کے کامیاب انعقاد پر یو اے ای کی قیادت اور آرگنائزر کو مبارک پیش کرتے ہوئے کہا کہ دوبئی نمائش سے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے علاوہ معاشی مواقع میں اضافہ ہوا اور مختلف ممالک کی ثقافت کو فروغ ملا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق تجارت اور بزنس ٹو بزنس روابط کو مزید مضبوط کرنے کے خواہاں ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے سفیر نے مریم اورنگزیب کو وزارت اطلاعات کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت کے وژن کے مطابق دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر یقین رکھتے ہیں۔