جرمنی کے نامور ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ون الیگزینڈر زویروف نے اے ٹی پی فائنلز میں کامیابی کے ساتھ اپنی مہم کا آغاز کر دیا جبکہ امریکی کھلاڑی بین شیلٹن نے بھی فرانس کے آرتھر فِلس کو شکست دے کر ٹورنامنٹ میں پہلی فتح حاصل کر لی
الیگزینڈر زویروف اور بین شیلٹن کا اے ٹی پی فائنلز میں فاتحانہ آغاز

مزید خبریں
روم۔16نومبر (اے پی پی):جرمنی کے نامور ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ون الیگزینڈر زویروف نے اے ٹی پی فائنلز میں کامیابی کے ساتھ اپنی مہم کا آغاز کر دیا جبکہ امریکی کھلاڑی بین شیلٹن نے بھی فرانس کے آرتھر فِلس کو شکست دے کر ٹورنامنٹ میں پہلی فتح حاصل کر لی۔شنہوا کے مطابق اٹلی کے شہر ٹورین میں کھیلے گئے گروپ میچ میں 29 سالہ جرمن ٹینس سٹار الیگزینڈر زویروف نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سپین کے رافیل جوڈار کو مسلسل سٹریٹ سیٹس میں 4-6، 4-6 سے نہ صرف شکست دی بلکہ اے ٹی پی فائنلز کا فاتحانہ انداز میں آغاز بھی کر دیا۔ جرمن کھلاڑی نے 87 منٹ میں کامیابی حاصل کی اور دونوں سیٹس میں ایک ایک بار حریف کی سروس توڑ کر برتری برقرار رکھی۔میچ کے بعد الیگزینڈر زویروف نے کہا کہ اگرچہ ان کی کارکردگی مکمل طور پر بہترین نہیں تھی، تاہم ٹورنامنٹ کا آغاز اچھا رہا۔ وہ اس سے قبل 2018 اور 2021 میں بھی اے ٹی پی فائنلز کا ٹائٹل جیت چکے ہیں۔دوسری جانب تھرڈ سیڈڈ امریکی کھلاڑی بین شیلٹن نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد فرانس کے آرتھر فِلس کو 2-6، 6-3، 3-6 سے ہرا دیا۔ 24 سالہ بین شیلٹن نے پہلا سیٹ جیتا، تاہم فِلس نے دوسرے سیٹ میں کم بیک کرتے ہوئے مقابلہ فیصلہ کن سیٹ تک پہنچا دیا۔فیصلہ کن سیٹ میں بین شیلٹن نے دوسرے گیم میں حریف کی سروس توڑی اور برتری برقرار رکھتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ بین شیلٹن نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں تمام میچز انتہائی سخت ہیں اور ابتدا میں پیچھے رہ جانے کے بعد واپسی مشکل ہو جاتی ہے۔ واضح رہے کہ وہ گزشتہ سال اپنے پہلے اے ٹی پی فائنلز میں گروپ مرحلے کے تینوں میچز ہار گئے تھے۔ٹورنامنٹ کے دونوں گروپس سے بہترین کارکردگی دکھانے والے 2، 2 کھلاڑی سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گے۔







