چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی سے چین کے تربیتی دورے کے لیے منتخب 25 بہترین کارکردگی کے حامل جوڈیشل افسران نے ملاقات کی
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے چین کے تربیتی دورے کے لیے منتخب جوڈیشل افسران کی ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔15نومبر (اے پی پی):چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی سے چین کے تربیتی دورے کے لیے منتخب 25 بہترین کارکردگی کے حامل جوڈیشل افسران نے ملاقات کی،چیف جسٹس آف پاکستان نے جوڈیشل افسران کو چین روانگی سے قبل خصوصی بریفنگ دی۔ سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان بھر سے منتخب 25 جوڈیشل افسران کا پہلا وفد دو ہفتوں کے عدالتی تبادلے اور تربیتی پروگرام میں شرکت کے لیے چین جائے گا،جوڈیشل افسران کا انتخاب متعلقہ ہائی کورٹس کی مشاورت سے بہترین پیشہ ورانہ کارکردگی اور خدمات کی بنیاد پر کیا گیا ہے اور وفد میں پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے جوڈیشل افسران سمیت سپریم کورٹ آف پاکستان اور وفاقی عدالتی اکیڈمی میں خدمات انجام دینے والے جوڈیشل افسران بھی وفد کا حصہ ہیں۔، چیف جسٹس آف پاکستان نے منتخب جوڈیشل افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بالخصوص دور دراز، پسماندہ اور بدامنی سے متاثرہ علاقوں میں خدمات انجام دینے والے جوڈیشل افسران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں فرائض انجام دینے والے جوڈیشل افسران کی خدمات کا اعتراف اور حوصلہ افزائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی پروگرام کا مقصد بہترین کارکردگی کے حامل جوڈیشل افسران کو پیشہ ورانہ ترقی اور بین الاقوامی تجربات کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے مزید کہا کہ آپ چین میں پاکستان کی عدلیہ کے سفیر ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عدلیہ کے وقار، اقدار اور پیشہ ورانہ معیار کو برقرار رکھیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ چین کے عدالتی طریقۂ کار، جدید ٹیکنالوجی اور کیس مینجمنٹ نظام کا بغور جائزہ لیں، چین کے عدالتی نظام میں رائج ایسے بہترین طریقوں کی نشاندہی کریں جو پاکستان میں انصاف کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے اختیار کیے جا سکیں۔ چیف جسٹس نے مزید کہا کہ میرٹ اور محنت کی حوصلہ افزائی سے ضلعی عدلیہ کی کارکردگی اور ادارہ جاتی استعداد میں اضافہ ہوگا، بین الاقوامی عدالتی تجربات سے جوڈیشل افسران کو مقدمات کی سماعت، عدالتی انتظام اور کیس مینجمنٹ کے جدید طریقوں سے آگاہی حاصل ہوگی، جوڈیشل افسران بیرونِ ملک حاصل ہونے والے تجربات کو اپنے متعلقہ عدالتی اداروں میں عملی بہتری کے لیے استعمال کریں ۔ واضح رہے کہ پاکستان سے جوڈیشل افسران 18 نومبر سے یکم دسمبر 2026 تک چین میں تربیتی پروگرام میں شرکت کریں گے،دو ہفتوں پر مشتمل تربیتی پروگرام کا انعقاد نیشنل ججز کالج آف چائنا کے زیرِ اہتمام کیا جائے گا،تربیتی پروگرام میں چین کے سینئر ججز اور قانونی ماہرین کے ساتھ خصوصی علمی و پیشہ ورانہ نشستیں ہوں گی۔ مزید برآں پاکستانی وفد بیجنگ اور چوانژو سمیت چین کے مختلف مقامات پر عدالتوں کے مطالعاتی دورے کرے گا۔جوڈیشل افسران کا دورہ سپریم کورٹ آف پاکستان اور سپریم پیپلز کورٹ آف چائنا کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے جس کا مقصد پاکستان اور چین کے درمیان عدالتی تعاون کا مقصد پیشہ ورانہ تربیت، تجربات کے تبادلے اور ادارہ جاتی استعداد کو فروغ دینا ہے۔چین کے تربیتی پروگرام میں پہلی مرتبہ منتخب ضلعی جوڈیشل افسران کے وفد کی شرکت بین الاقوامی عدالتی تعاون میں اہم پیش رفت ہے۔ضلعی عدلیہ نظامِ انصاف کی بنیاد ہے، اس کی پیشہ ورانہ استعداد میں اضافہ عدالتی اصلاحات کی اہم ترجیح ہے۔سپریم کورٹ کا اقدام دور دراز علاقوں میں خدمات انجام دینے والے جوڈیشل افسران کو بین الاقوامی تربیت کے مواقع فراہم کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔ تربیتی پروگرام سے پاکستان میں مؤثر، جدید اور عوام دوست نظامِ انصاف کے فروغ میں مدد ملے گی۔







