سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے مطالبہ کیا ہے کہ گفٹ سکیم کے تحت استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد ختم کی جائے
گفٹ سکیم کے تحت استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد ختم کی جائے، افتخار علی ملک

مزید خبریں
لاہور۔15نومبر (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے مطالبہ کیا ہے کہ گفٹ سکیم کے تحت استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد ختم کی جائے ۔اتوار کو یہاں جاری بیان میں افتخار علی ملک نے کہا کہ سخت شرائط اور پرسنل بیگیج سکیم کے خاتمے کے باوجود گفٹ سکیم کے ذریعے استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ صرف اکتوبر کے مہینے میں2,000 گاڑیاں پاکستان لائی گئیں۔ موجودہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں نئی اور استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمدات 40 فیصد اضافے کے ساتھ 126 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ درآمدی گاڑیوں پر خرچ ہونے والا ہر اضافی ڈالر بیرونی کھاتوں اور معیشت پر دبائو بڑھاتا ہے، بالخصوص جب یہ درآمدات قومی ضرورت کے بجائے تجارتی مفادات کو پورا کرنے کے لیے استعمال ہو رہی ہوں، انہوں نے کہاکہ ان گاڑیوں کی ادائیگیاں غیر رسمی ذرائع سے کی جاتی ہیں، جبکہ مقامی سطح پر ان کی فروخت نقد رقم کی صورت میں ہوتی ہے، جس کی وجہ سے حکومت کو غیر اعلانیہ لین دین سے بھاری ریونیو کا نقصان ہو رہا ہے۔ مزید برآں، اس سے مقامی آٹو پارٹس انڈسٹری کو شدید نقصان پہنچے گا جو لاکھوں لوگوں کو براہ راست اور بالواسطہ روزگار فراہم کرتی ہے۔آخر میں انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ نئی آٹو پالیسی پر قومی مفاد کے تحت نظرثانی کرے اور تمام اسٹیک ہولڈرز، بالخصوص پاپام کو اعتماد میں لے تاکہ پائیدار نتائج حاصل کیے جا سکیں۔







