اسلام آباد۔23اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آزادی اظہار رائے کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، سابق دور میں پیکا آرڈیننس اور پی ایم ڈی اے جیسے کالے قوانین سے 22 کروڑ عوام کو غلام بنانے کی سازش کی گئی۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو یہاں سی پی این ای، اے پی این ایس، پی بی اے، پی ایف یو جے اور AEMEND کے نمائندوں پر مشتمل میڈیا جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ارکان کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
اجلاس میں فیک نیوز کے خاتمے کے لئے قانون سازی پر اتفاق ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پیمرا قانون میں مشاورت سے قانون سازی اور فیک نیوز کے خاتمے کے لئے شق شامل کی جائے گی۔ اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ فیک نیوز سے قومی سلامتی مفادات، عوام کے اتحاد کو نقصان پہنچانے کا تدارک ہوگا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت آزادی اظہار کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف آزادی اظہار کے دستوری، مہذب حق کا فروغ چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صحافت کی موت سیاست اور جمہوریت کی موت ہے، جمہوریت اور آئین کی پیداوار ہی اظہار رائے کی اہمیت اور قدر جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست، صحافت اور عوام پر چار سال قیامت کے گزرے ہیں، چینل، کالم، پروگرام، زبان اور آنکھ بند کرکے قوم کی آزادی چھیننے کی کوشش کی گئی، پیکا آرڈیننس اور پی ایم ڈی اے جیسے کالے قوانین سے 22 کروڑ عوام کو غلام بنانے کی سازش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ہم صحافی برادری کی مشاورت سے چلیں گے، آپ کی آراء کی روشنی میں میڈیا کی آزادی فروغ پائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چار سال میں ملک کی معیشت کی طرح میڈیا کو بھی مالی طور پر تباہ کیاگیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ صحافیوں کی معاشی تباہی کا احساس ہے، چاہتے ہیں جلد ان کو پہنچنے والے نقصانات کا ازالہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ سابق دور میں صحافی بے روزگار ہوئے، کئی جان سے گئے، تنخواہیں آدھی ہوگئیں، ان کے خاندان اور بچوں کی تکالیف سے آگاہ ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم ملک کی معاشی تباہی کی بحالی کی کوشش کررہے ہیں، سابق حکومت نے ملک کو معاشی دیوالیہ کرنے کی سازش کی۔ انہوں نے کہا کہ غیرملکی سازش میں صحافیوں پر سنگین الزامات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ پی ایف یوجے کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں، جھوٹوں کو گھر تک پہنچائیں گے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ جو سچ بولتا ہے، چوری پکڑتا ہے، عمران خان اسے غدار بنا دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیرملکی سازش کے نام پر اداروں، عدلیہ، میڈیا پر کیچڑ اچھالنے والوں کو سپیس نہ دی جائے، جھوٹ پر مبنی انتشاری فسادی بیانیے کے تدارک میں میڈیا اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کی جائے پناہ آزاد، غیرجانبدار میڈیا ہوتا ہے، ہم اسے طاقتور کریں گے۔
اس موقع پر وفد نے موجودہ جمہوری حکومت کی طرف سے سابق حکومت کے سیاہ قوانین کو کالعدم کرنے کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات نے منصب سنبھالتے ہی پی ایم ڈی اے کے کالے ضابطے کو کالعدم قرار دیا جس پر ان کے مشکور ہیں۔ امید ہے جمہوری حکومت جمہوری مزاج برقرار رکھے گی، آئین سے پھوٹنے والی آزادی کو تقویت دے گی۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے وفد نے مریم اورنگزیب کو وزارت اطلاعات کا منصب سنبھالنے پر بھی مبارکباد پیش کی۔