وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا پانچ گولڈ میڈل جیتنے والے حافظ آباد کے قابل اور محنتی نوجوان محسن علی کو خراج تحسین….محسن علی نے پاکستان کے نوجوانوں کو کامیابی کا راز سمجھایا، مریم اورنگزیب

100

اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پانچ گولڈ میڈل جیتنے والے حافظ آباد کے قابل اور محنتی نوجوان محسن علی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قابل رشک اور قابل فخر محمد محسن علی کی کامیابی کی کہانی ہی نہیں بلکہ تعلیم کے ذریعے نوجوانوں کی زندگی اور معاشرے میں تبدیلی لانے کے ولولہ انگیز وژن اور سوچ کی کامیابی کی ایک بہترین مثال بھی ہے۔

جمعہ کو اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پانچ گولڈ میڈل جیتنے والے حافظ آباد کے گائوں میاں رحیما کے اس قابل اور محنتی نوجوان محسن علی نے پاکستان کے نوجوانوں کو کامیابی کا راز سمجھایا۔ وزیراعلی پنجاب کے طورپر شہبازشریف نے محسن علی جیسے سینکڑوں ذہین لیکن غریب نوجوان بچوں اور بچیوں کی سرپرستی کی، تعلیمی وظائف، بیرون ملک اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے مواقع دے کر ان کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی کی جو آج قائد محمد نواز شریف اور شہباز شریف کے یوتھ پروگرام کی کامیابی کے درخشاں ستارے بن چکے ہیں اور اس وژن کی کامیابی کی گواہی دے رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج محسن علی اسی میوکالج لاہور میں لیکچرار ہے جس کے قریب واقع تندور میں وہ روٹیاں لگا کراپنے خاندان کے لئے رزق حلال کما رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے آج محسن علی کو کروڑوں پاکستانیوں کے سامنے سینے سے لگا کر شاباش دی۔ ایک شاباش نواز شریف اور شہباز شریف کو بھی ملنی چاہئے جن کے وژن نے محسن علی اور اس جیسے سینکڑوں غریبوں کو کامیابی کی اس منزل تک پہنچنے اور اپنے خواب سچ کردکھانے میں عملی مدد کی، یہ ہوتا ہے وژن، یہ ہوتی ہے عوام کی منتخب قیادت۔