وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی باجوڑ میں جے یو آئی (ف) کے ورکرز کنونشن میں دھماکہ کی مذمت، قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار

148
Meeting chaired by Maryam Aurangzeb
Meeting chaired by Maryam Aurangzeb

اسلام آباد۔30جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے باجوڑ میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ورکرز کنونشن میں دھماکہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر پی ڈی ایم کے سربراہ اور جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمان اور متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

اتوار کو اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ باجوڑ کے صدر مقام خار میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ورکرز کنونشن میں دھماکے کی شدید مذمت کرتی ہوں جس میں قیمتی انسانی جانوں کا بڑا نقصان ہوا اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ پی ڈی ایم کے سربراہ اور جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمان اور متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت اور افسوس کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ ثبوت ہے کہ دہشت گردوں کا مذہب صرف دہشت گردی ہے، انہیں انسانیت، معصوم جانوں سے کوئی سروکار نہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ پاکستان کی بقاء اور سالمیت کے لئے نہایت ضروری ہے۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہدا کو جوار رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل جبکہ زخمیوں کو صحت دے۔ آمین