وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی سی پی این ای کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد

210
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی سی پی این ای کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد

اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نےسی پی این ای کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کے استحکام اور آزادی صحافت کے فروغ کے لئے سی پی این ای کا کردار قابلِ تحسین ہے،اتحادی حکومت میڈیا کی آزادی پر نہ صرف کامل یقین رکھتی ہے بلکہ اس کے فروغ کے لئے اقدامات بھی اٹھا رہی ہے، حکومت نے ہمیشہ میڈیا کے مسائل کے حل کو اپنی ترجیحات میں رکھا ہے۔

ہفتہ کووفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سی پی این ای کے نومنتخب صدر ارشاد عارف، سینئر نائب صدر انور ساجدی، سیکریٹری جنرل اعجاز الحق سمیت دیگر نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جمہوریت کی مضبوطی کے لئے صحافت اور آزادی اظہار رائے ضروری آئینی تقاضے ہیں، جمہوریت کے استحکام اور آزادی صحافت کے فروغ کے لئے سی پی این ای کا کردار قابلِ تحسین ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت اخبارات اور جرائد کے مسائل کے حل کے لئے سی پی این ای سے تعاون جاری رکھے گی۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نو منتخب عہدیداران اپنے تجربے اور صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے سی پی این ای کو مزید بہتری کی طرف گامزن کریں گے۔