اسلام آباد۔21اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے فیٹف کی گرے لسٹ سے پاکستان کے نکلنے پر عوام اور اتحادی جماعتوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج پاکستان کو دو خوشخبریاں ایک ساتھ ملی ہیں، پہلے نواز شریف کی حکومت، اب شہباز شریف کی اتحادی حکومت کی محنت سے پاکستان فیٹف کی گرے لسٹ سے نکل گیا ہے۔
الحمد اللہ۔ جمعہ کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے پہلے بھی ملک کو فیٹف سے نکالا تھا، آج پھر پاکستان کو عزت ملی، اتحادی حکومت میں شامل سب جماعتیں اور قائدین مبارک کے مستحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن میں ہوں یا حکومت اتحادی جماعتوں کی ترجیح پاکستان کا مفاد اور عزت رہی ہے، وزیراعظم شہبازشریف، وزیرخارجہ بلاول بھٹو خاص طور پر مبارکباد کے مستحق ہیں، چھ ماہ میں وہ کام ہوگیا جو گزشتہ چار سال میں نہیں ہوسکا۔ انہوں نے اداروں، وزارتوں کے متعلقہ حکام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مسلسل محنت کا پھل آج کی کامیابی کی صورت قوم کو ملا ہے۔