وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی قومی پرچم کو پینٹنگ کرنے اور ڈائمنڈ جوبلی فیسٹیول کی تقریبات میں شرکت، بچوں نے ہاتھ سے قومی پرچم کی پینٹنگ کی، فیسٹیول میں چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور فرنٹیئر کور کے دستوں کی پریڈ

206
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی قومی پرچم کو پینٹنگ کرنے اور ڈائمنڈ جوبلی فیسٹیول کی تقریبات میں شرکت، بچوں نے ہاتھ سے قومی پرچم کی پینٹنگ کی، فیسٹیول میں چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور فرنٹیئر کور کے دستوں کی پریڈ

اسلام آباد۔13اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ہفتہ کو یہاں وزارت اطلاعات، سی ڈی اور فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے زیر اہتمام پاکستانی پرچم کو پینٹنگ کرنے اور ڈائمنڈ جوبلی فیسٹیول کی تقریبات میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ قوم پرچم کو پینٹگ کرنے کی تقریب میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف سکولوں کے بچے شریک تھے جنہوں نے اپنے ہاتھ سے پاکستانی پرچم کی پینٹنگ کی۔

تقریب میں سکولوں کے بچوں کا جوش دیدنی تھا، بچوں نے انتہائی دلچسپی سے پاکستانی پرچم کو پینٹ کیا۔ تقریب کے آغاز میں وفاقی وزیر اطلاعات نے سکول کے بچوں کے ہمراہ پاکستان کا قومی ترانہ گنگنایا۔ قبل ازیں ڈائمنڈ جوبلی فیسٹیول میں پولیس اور فرنٹیئر کور کے دستوں نے پریڈ کا مظاہرہ کیا۔

پریڈ میں اسلام آباد پولیس، پنجاب پولیس، سندھ پولیس، بلوچستان پولیس، خیبر پختونخوا پولیس، آزاد کشمیر پولیس اور فرنٹیئر کور کے دستے موجود تھے۔ پولیس فورس اور فرنٹیئر کور کے دستوں نے معزز مہمانوں کو سلامی پیش کی۔ اسپیشل سیکورٹی یونٹ سندھ پولیس، کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اسلام آباد پولیس کے دستوں نے بھی پریڈ میں حصہ لیا اور ”اللہ ہو” کا نعرہ بلند کرتے ہوئے سلامی کے چبوترے کے سامنے سے گذرے۔

پریڈ کے بعد اسلام آباد پولیس کے مختلف ڈویژنز کے ٹریفک ٹرانسپورٹ فلیٹ فلیگ مارچ کرتے ہوئے سلامی کے چبوترے کے سامنے سے گذرے۔ تقریب میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں مسلم لیگ (ن) کی رہنما طاہرہ افضل تارڑ، سیکریٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد، پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن، اسلام آباد پولیس کے اعلیٰ حکام، گلوکاروں سمیت عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔