اسلام آباد ۔ 22 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان میں سیاحت کی بحالی کیلئے 55 ملکوں کے لئے ویزہ پالیسی نرم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ غیرملکی نیوز ایجنسی رئیوٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ سیاحت کی بحالی کی کوششوں کے سلسلے میں پاکستان55 ملکوں کے سیاحوں کیلئے ویزہ پابندیوں میں نرمی کرنے کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ویزہ پالیسیوںکا جائزہ لے رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم55 ملکوں کو ویزرہ فری ریجن کے دائرہ کار میں لانے کیلئے کوششیں کررہے ہیں جس میں زیادہ تر یورپی ممالک شامل ہیں۔ چوہدری فواد حسین نے پرتگال کی جانب سے پاکستان کو سفر کیلئے محفوظ ملک قرار دینے پر مسرت کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ میں خوش ہوں کہ پرتگال نے پاکستان کیلئے اپنی سفر کی ایڈوائزری کو تبدیل کیا۔