وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کا خواتین کے حقوق سے متعلق تقریب سے خطاب

79

اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت خواتین کے مساوی حقوق یقینی بنانے کے ایجنڈے پر گامزن ہے، اسلامی تاریخ، تحریک آزادی میں خواتین کا مثالی کردار رہا،جرنلسٹ پروٹیکشن بل میں خواتین صحافیوں کے حقوق یقینی بنائے جارہے ہیں، خواتین کے حقوق کے لئے جامع حکمت عملی کے لئے مذہبی، ثقافتی اقدار میں رہتے ہوئے ذہن سازی کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے،سائبر کرائم،ہراساں کرنے اور دیگربڑھتے ہوئے منظم جرائم پر قابو پانے کے لئے قانون سازی سمیت دیگر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ خواتین کو معاشرتی تحفظ حاصل ہو۔ وہ بدھ کو ایوان صدرمیں خواتین کے حقوق سے متعلق تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ملک کی آبادی کا 50فیصد خواتین ہیں، ان کے حقوق کے بارے میں اقدامات ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی اسلامی تاریخ، ملکی آزادی کی تاریخ اور آئین ہمیں بتاتا ہے کہ خواتین کا کردار مثالی رہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بننے کے بعد پہلی تین دہائیوں میں ہماری خواتین کا جو کردار اورویژن پروگریسو تھا مگر 80کی دہائی کے بعد ہمارے ملک میں ایسا ماحول بنا جس نے ہمارے پورے معاشرے کو اپنے حصار میں لے لیا، اس سوچ نے ہمارے معاشرے پر ایسی کاری ضرب لگائی جس سے ہم ابھی تک جانبر نہیں ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی میں شیریں مزاری،ثانیہ نشتر اور ملائکہ بخاری جیسی فعال خواتین ہیں جو مردوں سے ذیادہ کام کر رہی ہیں، ان خواتین نے خواتین کے حقوق کے لئے جو کام کیا ہے وہ ہی ہمارا ویژن ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین سے متعلق مسائل کے مستقل حل کے لئے جامع حکمت عملی کے تحت ذہینت تبدیل کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن ایک اہم ریاستی ادارہ تھا اس کے ذریعے ثقافتی سرگرمیوں میں معاشرے کے لئے ٹھوس پیغام پہنچانے کا سفر مزید تیز کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے اقدار میں رہتے ہوئے خواتین کی حوصلہ افزائی کرنی ہے،ہمیں ادب،ڈرامہ نگاری اور ثقافت کے ذریعے معاشرتی امور کو اجاگر کرنا ہے۔