اسلام آباد۔11فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے چین کے نئے قمری سال کے آغاز کے موقع پر چین کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین اور پاکستان دوستی کے مضبوط رشتے میں بندھے ہوئے ہیں، پاکستان اور چین دوست ہیں اور رہیں گے، ہم زراعت، ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں چین کے تجربات سے سیکھنا چاہتے ہیں۔
وہ جمعرات کو یہاں چین کے نئے قمری سال کے آغاز کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ تقریب سے مہمان خصوصی وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان، اوورسیز کمیونٹی کے صدر نعمت اﷲجان اور جنرل سیکریٹری شوکت علی نے بھی خطاب کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ پاکستان اور چین مضبوط رشتے میں بندھے ہوئے ہیں، چین نے اپنے قیام کے ساتھ ہی پاکستان کے ساتھ تعلقات قائم کئے اور یہ تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہوتے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ چین کے عوام اور متحرک قیادت نے اپنی محنت کے بل بوتے پر ترقی حاصل کی، پاکستان کو جب بھی مشکل وقت کا سامنا کرنا پڑا، چین نے ہمیشہ ساتھ دیا۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک چین کی جانب سے ایک تحفہ ہے، اس سے ملک میں ترقی کا ایک نیا سفر شروع ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلک روٹ کے بعد سی پیک نے جغرافیائی طور پر دونوں ممالک کو ایک دوسرے سے جوڑ دیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تجارت اور ثقافت سمیت تمام شعبوں میں ہمارے مضبوط تعلقات ہیں، چین کے عوام نے قلیل وقت میں ترقی کا سفر طے کیا، ہم زراعت، ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں چین کے تجربات سے سیکھنا چاہتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بہت سے شعبوں میں تجارت میں اضافہ ہوا ہے، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں میں مزید اضافہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی ترقی میں بھی اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ وفاقی وزیر نے چین کے نئے سال کے آغاز پر چین کے عوام کو مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت علی محمد خان نے چین کے عوام کو نئے قمری سال کے آغاز پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے مابین مختلف شعبوں میں تعلقات مضبوط ہوئے ہیں۔ چین دیگر اقوام کے لئے ایک مثال ہے جس نے انفرادی طور پر ترقی کا سفر طے کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین نے زراعت، ٹیکنالوجی اور اقتصادی شعبوں میں نمایاں ترقی حاصل کی، دنیا کو چین کے تجربات سے مستفید ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے عوام کے درمیان محبت کا رشتہ ہے، دونوں ممالک کی بہادر عوام نے قراقرم ہائی وے کی تعمیر کے دوران اپنی جانوں تک کی پرواہ نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ چین میں اردو بولی اور پڑھی جاتی ہے جو ان کی پاکستان سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک چین اوورسیز کمیونٹی کے فوکل پرسن شوکت علی نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز اور وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کا تقریب میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے آخر میں کیک بھی کاٹا گیا۔