اسلام آباد ۔ 3 اگست (اے پی پی) وفاقی حکومت نے جموں و کشمیر پر ہندوستان کے غاصبانہ قبضہ اور محاصرے کا ایک سال مکمل ہونے پر خصوصی یادگاریِ ٹکٹ جاری کر دیا ہے، اس خصوصی یادگاریِ ٹکٹ کے اجراءکا مقصد جموں و کشمیر میں جاری ہندوستان کی انسانیت دشمن سرگرمیوں اور جموں و کشمیر کے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے دنیا کو آگاہ کرنا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز اور وفاقی وزیر برائے پوسٹل سروسز و مواصلات مراد سعید پیر کو پی آئی ڈی میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان پوسٹ کی جانب سے جاری ہونے والا یادگاری ٹکٹ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کی پہلی کڑی ہے، اس یادگاری ٹکٹ کا مقصد دنیا کو یہ باور کرنا ہے کہ کس طرح سے ہندوستان نے کشمیر کے نہتے عوام پر ظلم و بربریت کا جو راج قائم کیا ہے اس کی یہ عکاسی کرتا ہے ، یہ یادگاری ٹکٹ دنیا بھر میں جائے گا لوگوں کو احساس ہوگا کہ بھارت کشمیر عوام پر کس طرح ظلم و بربریت کا طوفان برپاکیا ہوا ہے، وزیراعظم عمران خان کے اقوام متحدہ کی تقریر سے شروع ہونے والے سفر نے تحریک آزادی کشمیر کو ایک نئی روح پھونکی ہے، وزیراعظم عمران خان نے جس طرح کہا کہ وہ کشمیر کا سفیر اور وکیل بن کر یہ مقدمہ لڑیں گے، یہ سفر ابھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست کو پوری قوم بھر پور انداز سے منائے گی ، دنیا میں پاکستان کے سفارتخانوں اور پاکستانی اور کشمیری مختلف تقاریب انعقاد کر کے دنیا کو ہندوستان کا غیر قانونی چہرہ دکھائیں گے کہ کس طرح گذشتہ سال 5اگست کو بھارت کے غیر قانونی قبضہ شدہ کشمیر میں دوبارہ ظلم و بربریت کی انتہا کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمارے لئے اور کشمیریوںکے لئے سیاہ دن ہے، اس دن کو یوم استحصال کے طور پر منائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ5 اگست کو پاکستان بھر کے عوام پاکستانی اور کشمیری پرچم لہرا کر کشمیریوں کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اقوام عالم کو بتائیں گے کہ کشمیر تنہا نہیں پوری پاکستانی قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔وفاقی وزیر برائے پوسٹل سروسز و مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان پوسٹ کی طرف سے جموں و کشمیر پر ہندوستان کے غاصبانہ قبضہ اور محاصرے کے ایک سال مکمل ہونے پر ایک خصوصی یادگاریِ ٹکٹ کا اجراءکیا گیا ہے، اس خصوصی یادگاریِ ٹکٹ کے اجراءکا مقصد جموں و کشمیر میں جاری ہندوستان کی انسانیت دشمن سرگرمیوں اور جموں و کشمیر کے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے دنیا کو آگاہ کرنا ہے۔ پاکستان پوسٹ کی طرف سے اس خص±وصی یادگاری ٹکٹ کے اجراءکے موقع پر وفاقی وزیر پوسٹل سروسز و مواصلات مراد سعید کہا کہ یہ خصوصی یادگاری ٹکٹ جموں و کشمیر کے مسلمان بہن بھائیوں کے ساتھ پاکستان کی والہانہ محبت اور وابستگی کا عملی اظہار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس خصوصی یادگاری ٹکٹ کے ذریعے ہمارے کشمیری بہن بھائیوں پر ہندوستان کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم اور بد ترین انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف عالمی ضمیر کو جھنجوڑنے کی ایک کوششں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی عظیم قیادت میں پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کو اس انتہائی مشکل کی گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑے گا اور ہم ہندوستان کے جموں و کشمیر کے غاصبانہ قبضہ کے خاتمہ تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ وزیرِ مواصلات نے اس خصوصی یادگاری ٹکٹ کے خدوخال بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس خصوصی یادگاری ٹکٹ کے ذریعے ہندوستان کے پچھلے ایک سال کے دوران جموں و کشمیر کے غاصبانہ قبضے اور محاصرے کے دوران کئے جانے والے تمام مظالم، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور ماورائے عدالت ہندوستانی قتل و غارت گری کا احاطہ کرنے کی کوششں کی گی ہے۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ جدوجہد جاری رہے گی اور یہ کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کے اندر ڈاک کی ترسیل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں کشمیر کاز کا مقدمہ جس انداز میں لڑا ہے اس کی مثال نہیں ملتی، اس سے کشمیر کاز کو پذیرائی ملی ہے، بھارت نے کشمیر پر جو ظلم ڈھائے ہیں وہ دنیا کے سامنے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کشمیر میں جو بھی بھارتی ظلم و ستم سے شہید ہو جاتا ہے تو اسے سبز ہلالی پرچم میں دفنایا جاتا ہے، کشمیر کی آزادی کا وقت آ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست کے حوالہ سے پاکستان پوسٹ نے یادگاری ٹکٹ کا اجراءکیا ہے ، یہ یادگاری ٹکٹ کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی عکاسی کرتی ہے، پوری پاکستانی قوم 5 اگست کو یوم استحصال کے طور پر منایا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں جو تقریر کی تھی اس کے بعد کشمیر کا معاملہ بین الاقوامی ایشو بن گیا جو سفارتی محاذ پر پاکستان کی کامیابی ہے، اس سے بھارتی فورسز اور مودی کی سوچ بھی بے نقاب ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کاز رکنے والا نہیں۔