اسلام آباد۔31مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان کی برکتوں اور حمتوں کے بعد میٹھی عید اللہ تعالیٰ کا انعام ہے۔
پیر کو عید الفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عیدالفطر کا یہ پرمسرت موقع ہمیں ایثار، محبت اور بھائی چارے کا درس دینے کے ساتھ ساتھ ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہونے کا پیغام دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عید کی خوشیوں میں ان افراد کو بھی یاد رکھیں جو کسی نہ کسی وجہ سے مصائب کا شکار ہیں، اس مبارک موقع پر ہم مظلوم کشمیری اور فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کو ہرگز فراموش نہیں کرسکتے،ہم کشمیریوں اور فلسطینیوں کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عید الفطر ہمیں اخوت، محبت اور یکجہتی کا درس دیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئیے اس موقع پر ہم سب اس عزم کا اعادہ کریں کہ ہم متحد ہو کر پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577503