وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پی ٹی وی فلیکس ایپ کا افتتاح کر دیا

193
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب

اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):حکومت نے نوجوان نسل کو پی ٹی وی کے سنہرے دورسے متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے ،اب نوجوان پی ٹی وی کے 60 سے 90 کی دہائی کے درمیان کے ڈرامے، ٹی وی شوز اب اپنے موبائل پر دیکھ سکیں گے ۔

اتوار کو یہاں جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پی ٹی وی فلیکس ایپ کا افتتاح کر دیا ۔سیکرٹری اطلاعات اور ایم ڈی پی ٹی وی سہیل علی خان ، ڈائریکٹر نیوز اینڈ کرنٹ افیئر عون ساہی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔افتتاحی تقریب میں میڈیا انڈسٹری سے منسلک خالد عباس ڈار، جاوید شیخ اور بشری انصاری بھی موجود تھیں ۔

وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس اپیلیکیشن کا مقصد پی ٹی وی کے سنہری دور کو زندہ رکھنا ہے ۔ایم ڈی پی ٹی وینے کہا کہ اس اپیلی کیشن کیلئے بہت محنت کی گئی ہے۔پی ٹی وی فلکس ایپ میں مختلف ڈراموں اور پروگراموں کا آرکائیو مرتب کیا گیا ہے جس میں ڈرامے، ٹیلی فلمز، پی ٹی وی کے ایوارڈ شوز، موسیقی، مذہبی اور تفریحی پروگرامز اور بچوں کے پروگرامز شامل ہیں۔

پی ٹی وی فلکس ایپ کی افتتاحی تقریب میں پی ٹی وی سے طویل عرصے تک وابستہ رہنے والے نامور فنکاروں نے بھی شرکت کی۔ ایپ کا مقصد ناظرین کی پی ٹی وی کے لازوال ڈراموں اور پروگرامز سے متعلق یادیں تازہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان بڑے پراجیکٹس کو محفوظ کرنا بھی ہے۔اس ایپ میں ففٹی ففٹی، الف نون، آنگن ٹیڑھا، خواجہ اینڈ سنز اور برگر فیملی جیسے کامیڈی شوز اور ڈرامے شامل ہیں۔

بچوں کا مشہور ڈرامہ عینک والا جن اس وقت بھی اس ایپ پر سب سے زیادہ دیکھے جانے والے ڈراموں میں سے ایک ہے۔افتتاحی تقریب میں شرکت کرنے والے نامور فنکاروں، بشری انصاری، جاوید شیخ اور خالد عباس ڈار نے پی ٹی وی کی اس کاوش کو خوب سراہا۔

پی ٹی وی فلکس ایپ میں مختلف ڈراموں اور پروگراموں کا آرکائیو مرتب کیا گیا ہے جس میں ٹیلی فلمز، پی ٹی وی کے ایوارڈ شوز، موسیقی، مذہبی اور تفریحی پروگرامز اور بچوں کے پروگرامز شامل ہیں۔پی ٹی وی فلکس ایپ کو اینڈراڈ صارفین پلے سٹور سے جبکہ آئی فون صارفین ایپ سٹور سے ڈان لوڈ کرسکتے ہیں ۔