
اسلام آباد ۔ 18 اگست (اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ حرمین الشرفین کی جانب بری نظر سے دیکھنے والوں سے بڑا شیطان اور ان سے زیادہ کنکریوں کا مستحق کوئی نہیں، ایک ضرب عضب دہشت گردوں، ان کے ٹھکانوں اور سہولت کاروں کے خاتمے کےلئے شروع کیا گیا اور نظریاتی ضرب عضب علماءنے شروع کیا ہے، علمائے کرام نے فکری ضرب عضب کے ذریعے اسلام کے اصل تشخص کو دنیا کے سامنے پیش کیا ، دنیا آج تسلیم کر رہی ہے کہ دہشت گردی کا اسلام اور مسلمانوں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ وہ یہاں پاکستان علماءکونسل کے زیراہتمام ندائے امت کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ کانفرنس میں سعودی عرب، فلسطین، اردن، یمن کے سفیروں، علمائے کرام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شریک تھے جنہوں نے کوئٹہ دہشت گردی اور سعودی عرب میں دہشت گرد حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ پاکستان علماءکونسل پوری دنیا بالخصوص پاکستان میں رہنے والے مسلمانوں کے شکریہ کی مستحق ہے جس نے امن کی سوچ کو لے کر دنیا میں اسلام کے اصل تشخص کو اجاگر کیا اور اس سوچ کا راستہ روکا جس کے ذریعے دہشت گرد زبان کے بجائے ہتھیار اٹھا کر محبت کے بجائے نفرت اور امن کے بجائے فساد پھیل کر میرے اور آپ کے دین کو بدنام کر رہے تھے۔