اسلام آباد ۔ 9 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے سابق سیکرٹری اطلاعات محمد اعظم کو چیف انفارمیشن کمشنر، زاہد عبداللہ اور فواد ملک کو کمشنرز کی تعیناتی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ معلومات تک رسائی کے قانون 2017ءکے تحت انفارمیشن کمیشن کی تشکیل ایک تاریخی اقدام ہے۔ جمعہ کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ وفاقی سطح پر انفارمیشن کمیشن کی تشکیل اور اطلاعات تک رسائی کے قانون پر نفاذ کا آغاز ہوا ہے، انفارمیشن کمیشن کی تشکیل اطلاعات تک رسائی کے قانون کے موثر نفاذ کی جانب عملی پیشرفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اطلاعات تک رسائی کے قانون کا نفاذ پاکستان تحریک انصاف کے منشور میں کئے گئے وعدے کی تکمیل اور پہلے سو روزہ ایجنڈا پر عملدرآمد کےلئے حکومتی مخلصانہ کاوشوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ معلومات تک رسائی ہر شہری کا بنیادی حق اور جمہوری نظام کا لازمی جزو ہے۔