وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی میڈیا سے گفتگو

97
APP34-11 LAHORE: November 11 - Federal Minister for Information and Broadcasting Chaudhary Fawad Hussain addressing a press conference. APP photo by Rana Imran

لاہور۔11 نومبر(اے پی پی )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ11 اور 12 ربیع الاﺅل کو وفاقی دارالحکومت مےں سیرت النبی کانفرنس کا انعقاد کیاجارہا ہے جس میں امام کعبہ‘ متحدہ عرب امارات کے مفتی اعظم‘ میر واعظ عمر فاروق‘ جامعتہ الازہر کے مفتیان اور امریکہ و برطانیہ سمیت دنیا بھر سے علماءمفتیان و عالم دین شرکت کرکے اپنے مقالہ جات پیش کرینگے، کانفرنس کا افتتاح وزیر اعظم عمران خان کرینگے، کانفرنس کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی صدر مملکت ہونگے، بد قسمتی سے ملک کا طاقتور طبقہ احتساب کے شکنجے میں نہیں آنا چاہتا‘ اس بار ریاست کا بیانیہ تبدیل ہوا ہے اور آئین و قانون کی حکمرانی سمیت فکری سوچ نے پاکستان دشمن قوتوں کیخلاف کھڑا ہونے کا فیصلہ کیا ہے‘ عمران خان کی سیاست ملک و قوم کیلئے ہے جبکہ اپوزیشن کی سیاست اپنے گھر والوں کےلئے ہے، پی اے سی کی چیئرمین شپ شہباز شریف کو کیسے دی جاسکتی ہے ، ان کیخلاف نیب کی کارروائی چل رہی ہے ‘وزیر اعظم عمران خان 29 نومبر کو حکومت کے 100 روزہ پلان کی کارکردگی کا اعلان کرینگے۔ وہ اتوار کے روز یہاں مقامی ہوٹل میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے‘ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے دیگر رہنماءبھی موجود تھے‘ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان میں کوئی حکومتی یا انتظامی بحران نہیں بلکہ فکری بحران ہے جبکہ ایک طبقہ مذہب کا لبادہ اوڑھ کر سیاست کرکے اپنی مرضی کے نتائج اور سےاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتا ہے‘ ریاست کا کام فکری نظریئے کی سوچ کو پروان چڑھانا ہے اور یہ کام اہل لیڈر شپ ہی کرسکتی ہے جس کا وزیر اعظم عمران خان بار بار ذکر کرتے ہیں وہ مدینہ کی ریاست کا نظریہ ہے جس میں اقلیتوں کے حقوق کو بھی مکمل تحفظ حاصل ہے جبکہ عمران خان ایک ترقی کرتا ہوا خوشحال اور پروگریسو پاکستان چاہتے ہیں‘ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے بے سہارا کھلے آسمان تلے بغیر سائبان بھوکے‘ پیاسے سونے والے مزدوروں کا سوچا اور لاہور میں شیلٹر ہوم جیسے میگا پراجیکٹ پر فوری کام شروع کروایا‘یہی فلاحی ریاست کی جانب اہم قدم ہے۔