اسلام آباد ۔ 12 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف صرف نام ہی کے وزیراعلیٰ تھے بلکہ وہ تو ایک بادشاہ تھے کیونکہ کوئی رکن اسمبلی ان کے کمرے میں بھی داخل نہیں ہو سکتا تھا اور آئی جی سمیت چیف سیکرٹری لیول کے بندوں کی انہوں نے عوام کے درمیان بے عزتی کی اور ان کے نزدیک انکے وزراءکی تو کوئی حیثیت ہی نہیں تھی، پہلے اس قسم کا نظام پنجاب میں چل رہا تھا جو اب تبدیل ہوا ہے اور ایک عام نارمل شخص وزیراعلیٰ پنجاب بنا ہے جس کی وجہ سے پنجاب سے بادشاہت کے نظام کا خاتمہ ہوا ہے اور اراکین اسمبلی سمیت لوگوں کو عزت ملی ہے، پی ٹی آئی کے موجودہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ایک قابل اور نفیس انسان ہیں جو ہر وقت لوگوں کے مسائل کے حل کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔