وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کا قومی سلامتی اور قوم سازی میں ماس میڈیا کے کردار سے متعلق کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب

83
APP58-22 ISLAMABAD: November 22 - Federal Minister for Information and Broadcasting Chaudhry Fawad Hussain addressing one-day conference on National Security, Nation Building & Mass Media. APP

اسلام آباد ۔ 22 نومبر (اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں آزاد اور فعال میڈیا کا موازنہ ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ کیا جاتا ہے، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں انقلاب سے میڈیا میں بڑی تبدیلیاں آئیں گی، میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے پیمرا، پریس کونسل آف پاکستان اور پی ٹی اے کو ضم کیا جا رہا ہے، کرتارپور سرحد کھولنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، پاکستان نے امن کی خواہش کے پیش نظر کرتارپور سرحد کھولنے کی تجویز دی تھی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو مقامی ہوٹل میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کانفلکٹ اینڈ سکیورٹی سٹڈیز کے زیراہتمام قومی سلامتی اور قوم سازی میں ماس میڈیا کے کردار سے متعلق ایک روزہ کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دنیا کا سب سے زیادہ آزاد میڈیا ہے، اس وقت پاکستانی میڈیا مالی دباﺅ کا شکار ہے، ورکرز کو ملازمتوں سے نکالا جا رہا ہے، آج میڈیا کو سب سے بڑا خطرہ میڈیا مالکان کے کاروباری ماڈل ہے، وہ چاہتے ہیں کہ حکومت اشتہارات جاری کر کے ان کی مالی ضروریات پوری کرے جو کہ ملک کی موجودہ معاشی صورتحال میں ممکن نہیں، اگر ملک کی معاشی صورتحال بہتر بھی ہوتی تو یہ حکومت کا اختیار نہیں کہ وہ عوام کے ٹیکس کی رقم نجی کاروبار کے لئے دے، میڈیا مالکان کو حکومت پر انحصار کم کر کے اپنا بزنس ماڈل پیش کرنا چاہیے۔