
اسلام آباد ۔ 23 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اور وزارت اطلاعات و نشریات، کارکن صحافیوں کے ساتھ کھڑے ہےں، حکومت نے میڈیا ہاﺅسز سے ملازمین کو نکالنے اور کٹوتی کے معاملات کومد نظر رکھتے ہوئے 50 کروڑ روپے میڈیا ہاﺅسز کو ادا کئے ہیں، گزشتہ حکومت نے اشتہارات کو سیاسی آلے کے طور پر استعمال کرتے ہوئے 12 ارب کے بجٹ کو تقریباً 40 ارب روپے تک پہنچا دیا، میڈیا ہاﺅسز اپنے بزنس ماڈل کا ازسر نو جائزہ لیں، دور طالب علمی سے میرا اہل صحافت کے ساتھ دیرینہ اور احترام کا رشتہ ہے۔ وہ جمعہ کو پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے، دستور) کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ پی ایف یو جے (دستور) کے وفد نے وفاقی وزیر کو صحافتی صنعت میں کارکن صحافیوں کو درپیش مسائل، ملازمین کی برطرفیوں اور تنخواہوں میں کٹوتیوں سمیت دیگر امور سے آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی جانب سے طے شدہ بجٹ سے زائد کے اشتہارات کے اجراءکی وجہ سے میڈیا ہاﺅسز کی فزیبلٹی آﺅٹ ہوئی جس کے بعد یہ صورتحال سامنے آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارکن صحافیوں کے لئے وزیراعظم عمران خان نے وفاق، کے پی کے، پنجاب اور بلوچستان کی حکومت کو ہدایت دی کہ میڈیا ہاﺅسز کے اشتہارات کی مد میں بقایا جات فوری ادا کئے جائیں تاکہ میڈیا ہاﺅسز سے ملازمین کو نکالنے اور تنخواہوں میں کٹوتیوں کے عمل کو روکا جا سکے۔