
جہلم/مریالہ۔ 22 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ گزشتہ پچاس سال کی نسبت ان پانچ سالوں میں ملک زیادہ ترقی کرے گا، ہمیں بچیوں کی تعلیم پر زیادہ توجہ دینا ہوگی، ماں پڑھی لکھی ہو تو پورا خاندان تعلیم یافتہ ہوسکتا ہے، اپنے حلقہ کے تمام مسائل حل کروں گا، جہلم سے پنڈدادن خان ساڑھے 9 ارب روپے کی لاگت سے دو رویہ سڑک مکمل کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں پاک سکول سسٹم جہلم کے زیراہتمام سپورٹس گالا کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پر سکول کی بچیوں کو دیکھ کر بڑی خوشی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب مرد پڑھتا ہے تو ایک فرد پڑھتا ہے اورجب لڑکی پڑھتی ہے تو پورا خاندان پڑھتا ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس علاقہ کے لوگ مشکل زندگی بسر کرتے ہیں، سکول ہے تو استاد نہیں، ہسپتال ہے تو ڈاکٹر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ بائی دیس علاقہ کے ہر خاندان کو فخر ہے کہ ایسا کوئی قبرستان نہیں کہ جہاں کوئی شہید دفن نہ ہو اور ایسا کوئی گائوں نہیں جہاں غازی موجود نہ ہو۔ اس علاقہ کے نوجوان پاکستانی سرحدوں کو خون دیتے ہیں اور پورا ملک سکون سے رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت ضروری ہے کہ یہاں کی مائیں تعلیم یافتہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کی بہت خوشی ہے کہ بڑی تعداد میں بچیاں سکول جاتی ہیں۔ انشاء اللہ بچیوں کیلئے کالج ضرور بنے گا۔ وزیراطلاعات نے کہا کہ لڑکوں کے ساتھ ساتھ لڑکیوں کو بھی کھیلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔ ہماری لڑکیوں کی کرکٹ ٹیم جو حال ہی میں ویسٹ انڈیز گئی تھی انہوں نے بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ میری کوشش ہوگی کہ جنڈالہ سکول کو اپ گریڈ کرکے اس میں لڑکیوں کیلئے جمنازیم بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صرف عمارت تعمیر کرنے کا نام سکول یا ہسپتال نہیں ہے سکولوں اور ہسپتالوں میں اساتذہ اور ڈاکٹرز کی کمی کو ئھی پورا کرنا ہوگا۔ اور وہ وقت دور نہیں جب اس علاقہ کے ڈاکٹر اور استاد آئیں گے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ تھر کے اندر سکول ہیں لیکن عملہ نہیں ہے، وہ وقت جلدی آئے گا جب لوگ ذہنی طور پر امیر ہوں گے جو صرف تعلیم کے ذریعے ہی ممکن ہے ہمیں اس پر کام کرنا ہوگا۔ بائی دیس میں بجلی وولٹیج کمی کے مسائل ہیں اس کے لئے یہ مسئلہ حل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہرن پور سے دینہ تک گیس پائپ لائن بچھائی جارہی ہے اور اس تمام علاقہ کو بھی گیس فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جہلم سے قنڈدادن خان جانے والی سڑک کو دو رویہ کیا جائے گا جس پر ساڑھے 9 ارب روپے روپے لاگت آئے گی۔ یہ منصوبہ تین سے چار سال میں مکمل کیا جائے گا جس کی تعمیر سے مسافت صرف 15 منٹ رہ جائے گی۔ وزیراطلاعات نے کہا کہ سنگو صوائی کالج کو اپ گریڈ کیا جائے گا اور طالبات کیلئے فری بس سروس فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کیلئے پارک اور کھیل کے میدان بنیں گے جہاں صرف خواتین کو تفریح کی اجازت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ بائی دیس کیلئے کالج بننا بہت ضروری ہے موقع ملا تو اس کو بھی تعمیر کرائیں گے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ بائی دیس کی وجہ سے مجھے عزت ملی ہے اور یہ بات غلط نہ ہوگی کہ میرا انتخاب آپ کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔ وزیراطلاعات نے کہا کہ آئندہ پانچ سالوں میں پچھلے پانچ سالوں کے مقابلہ میں بلکہ گزشتہ 50 سال کے مقابلہ میں زیادہ ترقی ہوگی۔ پاک سکول سسٹم کے صدر ملک نذیر احمد خان نے اپنے خطبہ استقالیہ میں کہا کہ چوہدری فواد حسین سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بچوں اور بچیوں کے سکولوں کو اپ گریڈ کیا جائے، حکومت صرف تعلیم دے ، ہم روزگار خود تلاش کرلیں گے۔ تقریب کے اختتام پر پاک سکول سپورٹس گالہ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات میں وفاقی وزیر نے انعامات اور شیلڈز بھی تقسیم کیں۔