وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

116

اسلام آباد ۔ 6 جنوری (اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں مشرق وسطیٰ میں اسلامی ممالک کے درمیان تنازعات کے حل کےلئے اپنا کردار ادا کرے گا۔ اتوار کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کے اقتدار میں آنے کے ساتھ پاکستان نے عالمی سطح پر اپنا کھویا ہوا مقام واپس حاصل کر لیا اور اب خلیجی ممالک کے درمیان معاملات کے حل کےلئے اپنا وہ کردار ادا کرے گا جس کو گزشتہ حکومتوں کے دوران کھویا ہوا تھا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں کے پاس کوئی خارجہ پالیسی نہیں تھی جبکہ پی ٹی آئی کی حکومت نے آتے ہی موثر حکمت عملی اختیار کی ہے جس کے نتیجے میں اب علاقائی معاملات کے حل میں پاکستان کے کردار کا اعتراف کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک موثر خارجہ پالیسی برآمد میں اضافہ میں بھی مددگار ثابت ہو گی۔ فواد چوہدری نے کہا کہ ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان کے پاکستان کے دورہ سے ادائیگیوں کے توازن کے مسئلہ پر قابو پانے اور زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہونے کے ساتھ ساتھ قومی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔