
اسلام آباد ۔ 7 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین سے سابق وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر اور مسلم کانفرس کے سربراہ سردار عتیق احمد خان نے ملاقات کی جس میں مقبوضہ کشمیر میں تازہ ترین صورتحال، نہتے کشمیریوں پر مظالم اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر بھر پور انداز میں اْجاگر کرنے کے امور زیر غور آئے ۔وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین اور سردار عتیق احمد خان کی جانب سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشتگری اور قتل و غارت گری کے واقعات کی شدید مذمت کی گئی۔وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں معصوم انسانوں کا بہتا خون عالمی انصاف کے علمبرداروں کے لئے ایک کھلا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے رہنے والوں کے انسانی حقوق اور ان کے خودارادیت کے پیدائشی حق کے حصول تک پوری دنیا میں ان کی وکالت کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا ۔سابق وزیراعظم آزادو جموں کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ بھارت ہزار ہا کشمیریوں کا خون بہا کر بھی شکست سے دوچار ہے، کشمیری اپنا خودارادیت کا حق حاصل کرکے رہیں گے۔