
اسلام آباد ۔ 28 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین سے دنیا کی معروف چینی میوزک کمپنی ٹینسینٹ کے وفد نے ملاقات کی۔ معروف چینی میوزک کمپنی نے پاکستان میں فلم اور میوزک کے شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان کی موسیقی بھرپور اور متنوع ہے، چاہتے ہیں ہمارے فنکار اپنے ٹیلنٹ کا اظہار کرتے ہوئے کثیر الجہت ثقافت کو موسیقی کے ذریعے فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی موسیقی برصغیر سمیت دیگر علاقوں میں مقبول ہے، ہماری دھرتی نے استاد نصرت فتح علی خان جیسا عظیم موسیقار پیدا کیا۔ انہوں نے موسیقی کے فن میں نہ صرف برصغیر بلکہ پوری دنیا میں اپنا لوہا منوایا۔ انہوں نے کہا کہ لوک ورثہ معدوم ہوتے موسیقی کے آلات کو محفوظ بنانے کیلئے اقدامات کر رہا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ملک میں سیاحت، کھیل اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے نیا ویزہ رجیم متعارف کرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلم اور موسیقی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے ہمارے دروازے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلمیں کسی بھی ملک کی ثقافت اور اقدار کو فروغ دینے کا اہم ذریعہ ہیں، ایک وقت تھا کہ پاکستان دنیا کا تیسرا بڑا فلم پروڈیوسر تھا، پھر فلم سازی میں کمی آئی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت 127 سینما سکرینز ہیں، انہیں بڑھا کر 1000 تک لے جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے میوزک کی ترویج اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے متعلقہ چینی کمپنی اور وزارت اطلاعات کے ذیلی ادارے کے مابین باقاعدہ معاہدے کی تجویزدی۔