
اسلام آباد ۔ 12ستمبر (اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین سے پی ایف یو جے ورکرز گروپ کے وفد نے ملاقات کی۔ بدھ کے روز ہونے والی ملاقات کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ حکومت آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے، جمہوریت اور آزادی صحافت کا آپس میں گہرا رشتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود اور تحفظ کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کریگی، ہماری حکومت کمزور اور محروم طبقے کے ساتھ کھڑی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ میڈیا ورکرز اور کارکنوں کے مسائل کے حل کیلئے مخلصانہ کوششیں کی جائیں گی، مجوزہ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام سے ون ونڈو آپریشن ممکن ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ اتھارٹی کے قیام کا مقصد صحافی برادری کو سہولیات کی فراہمی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحافیوں کیلئے ہیلتھ کارڈ جاری کرنے کی بھی تجویز زیر غور ہے۔