وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

88
کسان کارڈز کا اجراء کسانوں کیلئے ایک سنگ میل ہوگا، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین
کسان کارڈز کا اجراء کسانوں کیلئے ایک سنگ میل ہوگا، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین

اسلام آباد ۔ 31 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے جب اقتدار سنبھالا تو ملکی معیشت کا بہت برا حال تھا بلکہ ملکی معیشت کو تباہ کر دیا گیا تھا،موجودہ حکومت ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے دن رات کوشاں ہے اور ہم پرعزم ہیں کہ وزیراعظم عمران خان کی متحرک اور ولولہ انگیز قیادت میں ملک سے اندھیروں کے خاتمے میں کامیاب ہوں گے جس کے لیے مثبت اور ٹھوس اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ”آف دی ریکارڈ“ میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی ملکی معیشت کے استحکام کے لیے اہم اور موثر پالیسیاں اپنائیں اور مثبت اقدامات اٹھائے جن کی بدولت آج ملکی معیشت بالکل درست سمت پر گامزن ہو چکی ہے اور مستحکم ہو رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری اپنے اپنے کیسز بھگت رہے ہیں ہمیں ان سے کوئی مسئلہ نہیں ہے، سابق حکمرانوں نے ملکی خزانے کو بڑی بے دردی سے لوٹا جس کی وجہ سے آج ہمیں اقتصادی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم شروع دن سے پارلیمان کی کارروائی کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے قانون سازی کرنا چاہتے ہیں لیکن اپوزیشن اس معاملے میں کوئی تعاون نہیں کر رہی اور ان لوگوں کا صرف ایک ہی مسئلہ ہے کہ آصف زرداری اور نواز شریف پر دائر کیسز سے حکومت ہاتھ ہلکا کرے اور ان پر بات ہی نہ کرے جو ہم نہیں کر سکتے کیونکہ عوام نے ہمیں ووٹ ہی ان لوگوں کی کرپشن بے نقاب کرنے اور ان کے احتساب کے لیے دیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ حکومت نے چیرمین پی اے سی خیرات میں دی ہے، شہباز شریف کا پی اے سی چیرمین بننا نظام قانون کے منہ پر تھپڑ کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل ضیاالحق کی ہیچری سے نکلے ہوئے برائلر تو ہمیں بالکل بھی درس نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا پارلیمان میں کوئی کردار نہیں ہے، حکومت پارلیمان کو چلانا چاہتی ہے لیکن اپوزیشن کا رویہ انتہائی منفی اور غیرسنجیدہ ہے جو پارلیمان کو چلنے ہی نہیں دیتی، وزیراعظم عمران خان ہر بدھ کو پارلیمان میں آ کر سوالوں کا جواب دینا چاہتے ہیں لیکن اپوزیشن نے پارلیمان کا ماحول ہی خراب کر رکھا ہے بلکہ یہاں تک کہ اپوزیشن کے لوگ تو پارلیمان میں گالیاں تک دینا شروع کر دیتے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بہترین طریقے سے اپنا کام جاری رکھے ہوئے، پاکستان میں گزشتہ 6 ماہ سے کرپشن فری حکومت ہے اور گزشتہ 6 ماہ کے دوران حکومت کے کسی ایک بھی رکن پر کرپشن کا کوئی ایک کیس بھی سامنے نہ آنا موجودہ حکومت کی شفافیت کا منہ بولتا ثبوت ہے، حکومت کے وزراءتک لوگوں کی رسائی ہے جو پہلے نہیں تھا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار کمزور وزیراعلیٰ پنجاب نہیں ہیں اور وزیراعظم عمران خان عثمان بزدار پر پورا اعتماد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام پر کام کر رہے ہیں۔