وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی لاہور میں میڈیا سے گفتگو

79
APP41-02 LAHORE: February 03 - Federal Minister for Information and Broadcasting, Chaudhry Fawad Hussain talking with media outside 7-club. APP photo by Rana Imran

لاہور ۔ 3 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے گیس کے زائد بلوں کی شکایات کے معاملہ کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزیر پٹرولیم کو فوری تحقیقات کی ہدایت کر دی ہے’ 300 ایم ایم سی ایف ڈی سے کم گیس استعمال کرنے والے 70 فیصد صارفین کیلئے اضافہ 10 فیصد اور زیادہ اضافہ امیر لوگوں کیلئے تھا’ پیر کو صحت کارڈ کا پہلا مرحلہ شروع کیاجارہا ہے جس سے غریب اور مستحق افراد 7 سے 9 لاکھ تک علاج مفت کروا سکیں گے’ سانحہ ساہیوال کے متاثرہ خاندان کو مکمل انصاف فراہم کرنے کیلئے وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو ہدایت کر دی ہے’ (ق) لیگ اور پی ٹی آئی میں کوئی اختلاف نہیں، اتحادی جماعتوں میں کبھی کبھی اختلافات ہوتے رہتے ہیں لیکن ان کی نوعیت سنجیدہ نہیں ہوتی’ ان کو پس پشت ڈال کر آگے بڑھیں گی’ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صحت کے معاملہ کا فیصلہ ڈاکٹروں نے کرنا ہے’ تاہم نواز شریف اور آصف علی زرداری کا تجسس یہی ہے کہ انہوں نے آخری وقت جیل میں یا لندن میں گزارنا ہے’ 30,30 سال اقتدار میں رہنے والے باہر بھیجنے کا مطالبہ کریں تو یہ غیر مناسب بات ہے۔وہ اتوار کے روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ گیس کے زائد بلوں کے حوالے سے وزیر اعظم کے سٹیزن پورٹل پر بھی شکایات تھیں جن کا وزیر اعظم نے سختی سے نوٹس لیا ہے اور وزیر پٹرولیم غلام سرور کو فوری معاملہ کی انکوائری کا حکم دیا ہے کیونکہ 70 فیصد گیس استعمال کرنیوالے ایسے لوگ ہیں جو 300 ایم ایم سی ایف ڈی سے کم گیس استعمال کرتے ہیں، ان کیلئے اضافہ 10 فیصد تھا اوراس سے زیادہ امیر لوگوں کیلئے ہوا تھا۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ آج پیر کو صحت کارڈ کا پہلا مرحلہ شروع کیا جارہا ہے جس سے ایسے غریب لوگ جو صحت کی سہولتوں سے استفادہ حاصل نہیں کرسکتے، وہ 7 سے 9 لاکھ تک کا علاج مفت کروا سکیں گے جس سے ان کی زندگیوں میں انقلاب آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی زیر صدارت لاہور میں ہونیوالے اجلاس میں پنجاب میں گورننس کے نظام میں بہتری لانے پر تفصیلی غورو خوض کیا گیا’ آنے والے دنوں میں صوبہ میں گورننس کے نظام میں بہتری لائی جائیگی’ اجلاس میں پولیس ریفارمز پر بھی تفصیلی بات ہوئی تاہم اس سلسلہ میں اگلا اجلاس وزیر اعظم ہائوس میں ہو گا جس میں پولیس ریفارمز اور گورننس میں ریفارمز کے حوالے سے تفصیلی لائحہ عمل طے کیا جائیگا’ انہوں نے کہا کہ میڈیا سٹرٹیجک کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ سوشل میڈیا سیٹ اپ کو بہتر بنایا جائیگا، اسی طرح یہ بھی فیصلہ کیا گیا ایسے صحافی کارکن جنہیں مالی بحران کا سامنا ہے’ وزیر اعظم کی طرف سے ہدایت کی گئی ہے کہ میڈیا مالکان سے ملاقات کرکے اس بات کو طے کیا جائے کہ حکومت اس بحران کو ختم کرنے میں کیا مدد کرسکتی ہے۔ پی ٹی آئی اور ق لیگ کے اختلافات کی خبروں کے حوالے سے سوال پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ق لیگ ہماری اتحادی ہے لیکن وہ ایک علیحدہ پارٹی ہے، اسی طرح دوسری ہماری اتحادی پارٹیاں بھی علیحدہ علیحدہ ہیں جن میں کبھی کبھی اختلافات ہوتے ہیںلیکن ان کی نوعیت سنجیدہ نہیں ہوتی تاہم ہم ان اختلافات کو پس پشت ڈال کر آگے بڑھیں گے’ وزراء کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ ایک مسلسل عمل ہے جس کا تسلسل سے جائزہ لیا جارہا ہے۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے حوالے سے سوال پر چوہدری فواد حسین نے کہا کہ نواز شریف کی صحت کے معاملہ پر فیصلہ ڈاکٹروں نے کرنا ہے تاہم عام آدمی یہ بات سوچتا ہے کہ بڑا آدمی جب جیل میںجاتا ہے تو وہ بیمار کیوں ہوتا ہے، دراصل نواز شریف اور آصف علی زرداری کا یہ تجسس ہے کہ وہ آخری وقت میں جیل میں رہیں یا لندن میں رہیں، انہوں نے کہا کہ جو لوگ 30,30 سال اقتدار میں رہے اور یہ کہیں کہ انہیں باہر بھیج دیا تویہ انتہائی غیرمناسب بات ہے۔