
اسلام آباد ۔ 7 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت آزادی اظہار رائے کے بنیادی حق پر کامل یقین رکھتی ہے‘ آزادی صحافت اور جمہوریت ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں ۔ انہوں نے یہ بات پاکستان جرنلسٹ فاﺅنڈیشن (پی جے ایف) کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جس نے جمعرات کو یہاں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین سے ملاقات کی۔ وفد میں چیئرمین پاکستان جرنلسٹ فاو¿نڈیشن راحت ذوالفقار، وائس چیئرمین سینئر ٹی وی اینکر انیق ناجی، چیف آرگنائزر محسن گورایہ اور دیگر شامل تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جمہوریت میں ہی آزادی صحافت پنپتی اور فروغ پاتی ہے‘ فلاحی ریاست کے قیام اور ترویج کے لیے آزادی اظہار رائے ناگزیر ہے۔ وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے کہا کہ صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور بہبود کیلئے تمام ممکن اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کا قیام عمل میں لا رہے ہیں۔ اتھارٹی کے قیام سے ون ونڈو آپریشن کے ذریعے صحافیوں کو سہولت میسر ہو گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ میڈیا ورکرز کی داد رسی کے لئے بھی یہ فورم انتہائی سود مند ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی طرز پر جرنلسٹ پروٹیکشن بل لانا چاہتے ہیں۔ صحت انصاف کارڈ کی سہولت بھی صحافیوں کو دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال نے میڈیا کی ہیئت تبدیل کر دی ہے اس لئے میڈیا انڈسٹری کے موجودہ بحران کا تعلق معیشت سے نہیں بلکہ ٹیکنالوجی سے ہے لہذامیڈیا کو از سر نو اپنے بزنس ماڈل کا جائزہ لینا ہو گا۔