وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی دبئی میں ورلڈ گورنمنٹ سمٹ کے وزراتی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو

74
APP01-11 DUBAI: February 11 - Chaudhry Fawad Hussain, Federal Minister for Information and Broadcasting speaking at high level Ministerial Meeting on Artificial Intelligence on the 2nd day of the World Government Summit. APP

دبئی ۔ 11 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی بے پناہ فوائد کے ساتھ نئے چیلنجز کو بھی جنم دے رہی ہے، دنیا کو ان چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی اور ان چیلنجز کے حل کے لئے مختلف ورکنگ گروپس تشکیل دینا ہوں گے۔وہ دبئی میں ورلڈ گورنمنٹ سمٹ کے دوسرے روز مصنوعی زہانت کے موضوع پر وزراتی اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ ورلڈ گورنمنٹ سمٹ میں وزیراعظم عمران خان نے پاکستان سے متعلق اپنا وژن دیا، آج کے اجلاس میں مصنوعی زہانت کے نتیجے میں درپیش چیلنجز پر بات ہوئی،یہاں پر اقوام متحدہ، او ای سی ڈی ، لیبر یونینز سمیت دنیا بھر سے آئے مختلف گروپس نے اپنی پریزینٹیشنز دیں، ڈیجٹیل اکانومی کے نتیجے میںدرپیش چیلنجز پر بات ہوئی۔ اگلے مرحلے میں بغیر ڈرائیور گاڑیاں آنے والی ہیں جو ڈرائیونگ سے وابستہ افراد کے لئے ایک چیلنج ہو گا، دنیا ٹیکنالوجی کے انقلاب سے گزر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جہاں ٹیکنالوجی کے بے پناہ فوائد ہیں وہاں پر چیلنجز بھی موجود ہیں۔ آج کا اجلاس نئی ٹیکنالوجی کو بہترین انداز سے استعمال میں لانے سے متعلق تھا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ دنیا کو ان چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی اور ان چیلنجز کے حل کے لئے مختلف ورکنگ گروپس تشکیل دینا ہوں گے۔