وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ”عرب نیوز“ کے افتتاح کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو

108
APP67-15 ISLAMABAD: February 15 - Federal Minister for Information and Broadcasting Chaudhry Fawad Hussain talking to media during inauguration ceremony of bureau office of Arab News. APP photo by Irfan Mahmood

اسلام آباد ۔ 15 فروری (اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کا ماضی تابناک تھا اور مستقبل روشن ہو گا اور نئی جہتوں کی جانب بڑھے گا، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے فقید المثال استقبال کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، سعودی عرب اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری پاکستان لا رہا ہے جو گزشتہ 10 برسوں سے بھی زائد ہے، دورے کے دوران ہونے والے معاہدوں پر عملدرآمد کے لئے سپریم کو آرڈینیشن کونسل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کی سربراہی ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیراعظم عمران خان کرینگے، اسلام آباد میں ”عرب نیوز“ کا آغاز خوش آئند ہے جس سے پاکستانی پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے صحافیوں کو بھی روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ’عرب نیوز‘ کے افتتاح کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ اسلام آباد میں عرب نیوز کا آغاز خوش آئند ہے، پاکستان کا مشرق وسطیٰ میں اہم کردار ہے اور ولی عہد محمد بن سلمان پاکستان آ رہے ہیں، جن کا فقید المثال استقبال ہو گا، پاک فضائیہ کے طیارے سعودی ولی عہد کو سلامی دیں گے جبکہ وزیراعظم عمران خان خود ولی عہد کا استقبال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان طے ہونے والے معاہدوں پر عملدرآمد کے لئے سپریم کو آرڈینیشن کونسل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کی سربراہی ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیراعظم عمران خان کریں گے، یہ سپریم کو آرڈینیشن کونسل تمام معاہدوں پر عملدرآمد کرائے گی، وزیراعظم اور ولی عہد وزیراعظم ہاﺅس میں عشائیہ سے خطاب کریں گے جبکہ جوائنٹ ورکنگ گروپ منصوبوں کے حوالے سے بات چیت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بین الاقوامی حکومتی سربراہ اجلاس کے موقع پر اپنے خطاب میں عرب ممالک پر زور دیا تھا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں اور وزیراعظم عمران خان کی بات کو سنا گیا اور سعودی عرب اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری پاکستان لا رہا ہے جو گزشتہ 10 سال میں ہونے والی سرمایہ کاری سے کہیں زیادہ ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ سعودی عرب دو نئے شہر بھی قائم کرنے جا رہا ہے جس میں پاکستانیوں کو زیادہ سے زیادہ روزگار ملے گا اور ہم نے پہلے ہی پاکستانیوں کے لئے سعودی عرب سے ویزہ فیس کم کی ہے اور پاکستان نے بھی عرب سرمایہ کاروں کے لئے ویزہ شرائط کو نرم کر دیا ہے اور کاروبار کرنے کو آسان بنانے کے لئے سہولتیں دینے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد کو پاکستان کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ بھی دیا جائے گا، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی بھی ولی عہد محمد بن سلمان کے اعزاز میں ضیافت دیں گے اور دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو سیل کرنے سے متعلق خبروں میں صداقت نہیں، صرف ریڈ زون کی سیکورٹی کو بڑھایا گیا ہے اور شہر کو سجایا گیا ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کا ماضی تابناک تھا اور مستقبل روشن ہو گا اور نئی جہتوں کی جانب بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور عرب دنیا کے درمیان شاندار تعلقات کی ابتداءوزیراعظم عمران خان نے کر دی ہے، عرب نیوز عرب دنیا کا بڑا اخبار ہے جو یہاں سے نکلے گا اور یہ اس بات کی غمازی ہے کہ عرب ممالک کی پاکستان میں دلچسپی بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کانفرنس کے دوران سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور وزیراعظم کی بات کو سنا گیا ہے اور ولی عہد محمد بن سلمان کا دورہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان عرب دنیا کے لئے اہم ملک ہے جہاں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے لئے پاکستان ان کا دوسرا گھر ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات نسل در نسل جن کی بنیاد مذہب اور ثقافت پر تھی لیکن اب تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے عرب نیوز کا باقاعدہ افتتاح کیا جو اردو اور انگریزی زبان میں شائع ہو گا۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات شفقت جلیل، پرنسپل انفارمیشن آفیسر میاں جہانگیر بھی موجود تھے۔ عرب نیوز کے ایڈیٹر انچیف فیصل جے عباس اور جنوبی و مشرقی ایشیاءکے بیورو چیف بکر عطیانی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا خیر مقدم کیا۔ فیصل جے عباس نے خیر مقدمی کلمات میں کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان میں ہم آہنگی اور اب پاکستان میں ایک دیانتدار وزیراعظم کی قیادت میں حکومت قائم ہوئی ہے جس سے دونوں ملکوں کے مابین ان تعلقات اور باہمی ہم آہنگی میں مزید اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ عرب نیوز پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات کو مزید آگے بڑھانے میں مدد گار ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے علاوہ بھی بہت سے صحافتی ادارے پاکستان آنے کے لئے تیار ہیں۔