وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کا جہلم پریس کلب کے عہدیداروں کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب

157
APP76-10 JEHLUM: March 10 - Federal Minister for Information and Broadcasting, Chaudhary Fawad Hussain administering oath from newly elected office bearers of Jehlum Press Club. APP

جہلم۔ 10 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے پہلے کابینہ اجلاس میں اپنے صوابدیدی اختیارات ختم کرنے اعلان کیا، پہلی مرتبہ وزارت اطلاعات ایک بھی لفافے کے بغیر چل رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جہلم پریس کلب کے عہدیداروں کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد اور خود مختار میڈیا کیلئے ضروری ہے کہ سرکاری رشوت سے اسے دور رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اشتہارات کو ہم قطعی طور پر رشوت کے لئے استعمال نہیں کریں گے۔ انہوں نے نے کہا کہ فاٹا سمیت بہت سے پسماندہ دور افتادہ علاقوں کیلئے کلبوں کو سپورٹ کرنا اس لئے ضروری ہوتا ہے تاکہ وہ ایک ادارہ بنیں۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ صحافتی تنظیموں کو بھی اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا چاہیئے تاکہ سب مل کر زیادہ بہتر طریقہ سے صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرسکیں۔ انہوں نے جہلم پریس کلب کی تزئین و آرائش کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ ایسا میکنزم بنایا جائے گا جس سے جہلم پریس کلب کے ماہانہ اخراجات اپنی مدد آپ کے تحت پورے ہوسکیں۔ انہوں نے کہاکہ جہلم فوڈ سٹریٹ بنانے کے ساتھ ساتھ جہلم شہر کی اپ گریڈیشن اور اسے صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے کیلئے اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے اور ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے اور صحتمند تفریح کیلئے کام کریں گے۔ وزیراعظم کے 50 لاکھ گھروں کی سکیم میں صحافیوں کو ان کا جائزقانونی کوٹہ دیں گے اور صحت کارڈ کی سہولت کے علاوہ پریس کلب کو انٹرنیٹ اور دیگر جدید مواصلاتی آلات سے لیس کریں گے۔قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات نے نومنتخب عہدیداروں سے ان کے عہدوں کا حلف لیا ۔صدر جہلم پریس کلب چوہدری عابد محمود رزاق نے سپاسنامہ پیش کیا۔