اسلام آباد ۔ 23 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کے لیے قوم کو بانی قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کے طرز کی لگن کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ ہفتہ کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ”جرگہ“ میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قانون ساز اسمبلی میں قائداعظم محمد علی جناح کے خطابات نے پاکستان کے نظریے کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تخلیق کے وقت مسلم دنیا ایک جدید اسلامی ریاست کی تلاش کر رہی تھی۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ گزشتہ 70 سالوں میں ملک ترقی نہیں کر سکا تاہم اب ترقی کی جانب یہ سفر جاری و ساری ہے اور آنے والے وقت میں ملک ترقی کرے گا، پاکستان کا مستقبل روشن ہے اور دنیا میں ایک قابل فخر قوم کے طور پر ابھر کر سامنے آئے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کے لیے ایک چیلنج ہے، اس پر قابو پانے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کا قیام اسلام کے قوانین کو جدید اسلامی ریاست کے طور پر تیار کرنے کے لیے کیا گیا تھا۔ اسلام آباد میں نیب دفتر کے سامنے پاکستان پیپلز پارٹی کے احتجاج کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ درست اور پرامن طریقہ نہیں تھا ، حکومت نے مظاہرین کو قانونی طریقے سے سنبھالا۔