وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کا”پاکستان ٹوررزم سمٹ“ سے خطاب

203
APP40-03 ISLAMABAD: April 03 - Federal Minister for Information and Broadcasting Chaudhary Fawad Hussain speaking at Pakistan Tourism Summit. APP photo by Irfan Mahmood

اسلام آباد ۔ 3 اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ سیاحت اور کلچر واحد ذریعہ ہے جس کو فروغ دیکر دنیا کے سامنے پاکستان کی اصل تصویر پیش کی جاسکتی ہے، موجودہ حکومت کی جانب سے ویزہ رجیم میں تبدیلی اور غیر ملکی سیاحوں کے لئے این او سی کا خاتمہ ایک مضبوط آئیڈیا ہے، میڈیا اس آئیڈیا کی بہترین پریذنٹیشن کے لئے اپنا مثبت کردار اداکرے ،آج کا پاکستان پہلے کے پاکستان سے بہت زیادہ پرامن اور محفوظ پاکستان ہے، امن کے لحاظ سے پاکستان کے شہر کراچی اور لاہور لندن اور نیویارک سے بھی بہتر ہیں، ایوی ایشن پالیسی کی منظوری کے بعد اب گلگت بلتستان، شمالی علاقہ جات کے سیاحتی مقامات کے لئے 40 سیٹ کے جہاز اور ہیلی کاپٹر سروس پر تمام ٹیکسز ختم کردیئے گئے ہیں۔ وہ بدھ کو کنونشن سینٹر میں ”پاکستان ٹوررزم سمٹ“ سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر مملکت داخلہ شہریار آفریدی، خیبر پختونخوا کے وزیر سیاحت عاطف خان ،گلگت بلتستان کے وزیر سیاحت فدا خان بھی اس نشست میں شریک تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدر ی فواد حسین نے کہا کہ پاکستان کو 70اور 80کی دہائیوں میں مختلف چیلنجز کا سامنا تھا، اس کے باوجود پاکستان ایک خوبصورت ملک اور سیاحوں کیلئے پر کشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کر کے سیاحت کو فروغ دیا جاسکتا ہے، نئی حکومت کے آنے سے عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا، خطے میں موجود غیر متعلقہ تنازعات نے سیاحت کو نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر عاطف خان سیاحت کے حوالے سے نہایت پر عزم ہیں اور بہتر انداز نے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان ملک میں سیاحت کے فروغ کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں ،ویزہ رجیم میں تبدیلی بھی اسی کا حصہ ہے، پہلی مرتبہ پاکستان میں غیر ملکیوں کی کسی بھی حصہ میں جانے کے لئے این او سی کا خاتمہ کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاحت کے فروغ کے لئے میڈیا کو اپنا بنیادی اور اہم کردار ادا کرنا ہوگا، ملک میں سیاحتی مقامات اور مثبت سرگرمیوں کو بہتر انداز میں اپنی سکرین پر دکھائیں تاکہ دن ہمارے ملک کے قدرتی حسن کو دیکھ کر پاکستان کا رخ کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جتنے سیاحتی مقامات ہیں وہ شاہد ہی کسی اور ملک کے پاس ہونگے ،آج ہمارا آئیڈیا بھی مضبوط ہے صرف اسے اچھی طرح دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کامستقبل عظیم اور روشن ہے اور قیادت بھی بے داغ اور مستقبل کی جانب دیکھنے اور اقدامات اٹھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، پاکستان میں تسلسل کے ساتھ ثقافتی سرگرمیاں زور و شور سے جاری ہیں ،لاہور میں ثقافتی میلہ جاری ہے اسی طرز کا میلہ اسلام آباد میں بھی کرانا چاہتے ہیں۔ وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ نئی ایوی ایشن پالیسی وفاقی کابینہ نے منظور کر لی ہے ،اب گلگت بلتستان ،سکرود ،شمالی علاقہ جات کے لئے چھوٹے ائیر کرافٹ اور ہیلی کاپٹر سروس کا آغاز آسان ہوگیا ہے، تمام طرح کے ٹیکسز ختم کر دیئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی وزارت ثقافت کے لئے وزارت اطلاعات و نشریات کا ایم او یو ہوچکا ہے، پاکستان سعودی عرب میں ثقافتی اصلاحات کے لئے بھر پور مدد کرے گا۔ خیبر پختو نخوا کے وزیر سیاحت عاطف خان نے کہا کہ پاکستان کے حوالے سے جو تاثر قائم ہوچکا ہے اسے زائل کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، یہ ایک طویل جدوجہد ہے لیکن ہم نے اس پر ثابت قدم رہنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے غیر ملکیوں کے لئے مسئلہ تھا کہ کسی بھی شہر جانے کےلئے انھیں این او سی لینا پڑتا تھا لیکن موجودہ حکومت نے ایک بڑا قدم اٹھایا اور غیر ملکیوں کےلئے این او سی کی شرط ہی ختم کردی اور ملک میں مجموعی سکیورٹی کی صورتحال بھی بہتر ہے، غیر ملکی سیاح کو ہر طرح کی سہولیات دینے کےلئے تمام سٹیک ہولڈرز محنت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 20,25سالوں کے دوران پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت سی قربانیاں دیکر امن قائم کیا، اب ہم اپنی ثقافت کو اس مقام پر دوبارہ لیکر جائیں گے جہاں پر ہماری ثقافت پہلے تھی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں سیاحت کے فروغ کےلئے حکومت ،عوام ،سکیورٹی فورسز اور دیگر سٹیک ہولڈرز کی مربوط کوششیں تسلسل سے جاری رہنی چاہیں۔گلگت بلتستان کے وزیر سیاحت فدا حسین نے کہا کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کے بنیادی ڈھانچے، روڈ نیٹ ورک کی اپ گریڈیشن ،گلگت بلتستان کے ائیر پورٹ کو بین الاقوامی اور سکردو ائیر پورٹ کو کشادہ کرنے اور بڑی شاہراہوں پر مختلف مقامات پر ریسٹ ایریا بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو سیاحت اسلام آباد سے گلگت بلتستان اور گلگت سے کے پی کے جانا چاہتا ہے اس کےلئے تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے سیاحت کے فروغ کےلئے ویزہ رجیم میں تبدیلی اور غیر ملکی سیاحوں کے لئے این او سی کی شرط ختم کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے اس سے ملک میں حقیقی معنوں میں سیاحت فروغ پائے گی۔