اسلام آباد ۔ 6 اپریل (اے پی پی)وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ سعودی عرب امت مسلمہ کے قائد کا کردار ادا کر رہا ہے، سعودی عرب اور پاکستان مل کر اسلام کا سافٹ امیج دنیا کے سامنے لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سعودی عرب کے اخبار الریاض میں شائع انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب عالمی فورمز اور عالمی فیصلہ سازی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعود عرب امت مسلمہ کے استحکام کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے اور امت مسلمہ کو درپیش خطرات کے سامنے ایک ڈھال کی حیثیت رکھتا ہے۔ چوہدری فواد نے کہا کہ سعودی عرب علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر مختلف ممالک کے ساتھ سیکورٹی نظام کی بنیاد پر گہرے تعلقات رکھتا ہے جوکہ امت مسلمہ کی صفوں میں یکجہتی پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ وزیر اطلاعات چوہدری فواد نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بہت مضبوط تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان اور بھارت کے درمیان تنائو کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی ولی عہد اسلام اور مسلمانوں کی روشن تصویر دنیا کو دکھانے کیلئے کوشاں ہیں۔ فواد چوہدری نے خطے کی صورتحال اور پاکستان کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔