اسلام آباد ۔ 15 اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ شریف خاندان اور زرداری کے دولت کمانے کا طریقہ واردات ایک ہے، دونوں کا اپنے دفاع کے لیے اب موقف بھی ایک ہو چکا ہے، جب سے اربوں روپے کے کالے دھن کے حقائق سامنے آئے ہیں شہباز شریف اینڈ سنز سے کوئی جواب نہیں بن پا رہا، سلمان شہباز حقائق کا جواب دینے سے قاصر رہے، ان کے پاس اکاو¿نٹس میں رقوم کی منتقلی کا کوئی جواب نہیں تھا، قوم کی امید ہے کہ قانون بھی ان سے حساب لے گا، اگر یہ سچے ہیں تو کھل کر تردید کر یں اور اپنے دفاع میں ثبوت لائیں۔ پیر کو ایک بیان میں وفاقی وزیر اطلات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ جب سے اربوں روپے کے کالے دھن کے حقائق سامنے آئے ہیں شہباز شریف اینڈ سنز سے کوئی جواب نہیں بن پا رہا، شہباز خاندان کی طرف سے کل سے دی جانے والی وضاحتوں اور بیانات کے باوجود حقائق پر واضح جواب یا تردید سامنے نہیں آسکی۔ انہوں نے کہا کہ سلمان شہباز حقائق کا جواب دینے سے قاصر رہے، ان کے پاس اکاو¿نٹس میں رقوم کی منتقلی کا کوئی جواب نہیں تھا، وہ ملک سے بھاگے ہوئے ہیں اور ان کا واپس آنے کا کوئی ارادہ نہیں لگتا۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ شریف خاندان اور زرداری کا دولت کمانے کا طریقہ واردات ایک ہی ہے اسی لئے اب دونوں کا اپنے دفاع کے لیے موقف بھی ایک ہو چکا ہے کیونکہ دونوں کے پاس کوئی جواب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی دولت لوٹنے والے عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں، قوم کی امید ہے کہ قانون بھی ان سے حساب لے گا، اگر یہ سچے ہیں تو کھل کر تردید کر یں اور اپنے دفاع میں ثبوت لائیں، ابھی تک منظور پاپڑ والا اور محبوب ریڑھی والے کی شناخت کے متعلق کھل کر اور واضح تردید نہیں آئی۔