وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین سے مراکش میں تعینات پاکستانی سفیر حامد اصغر خان کی ملاقات

118

اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین سے جمعرات کو مراکش میں پاکستان کے سفیر حامد اصغر خان نے ملاقات کی۔ سفیر نے وفاقی وزیر اطلاعات کو دونوں ممالک کے عوام کے باہمی مفاد میں پاکستان اور مراکش کے مابین تعاون کے مختلف شعبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے پاکستان کے سفیر سے کہا کہ وہ رباط واپسی پر قومی خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) اور مغرب عرب پریس (ایم اے پی) کے مابین معلومات کے تبادلہ کے معاہدے پر دستخط کریں۔

مغرب عرب پریس مراکش کی قومی نیوز ایجنسی ہے۔ وفاقی وزیر نے سفیر سے کہا کہ وہ مغرب عرب پریس کے ڈائریکٹر جنرل خلیل ہاشمی ادریسی کو ان کی جانب سے پاکستان کے سرکاری دورہ کی دعوت دیں۔مراکش میں پاکستانی سفیر نے وفاقی وزیر اطلاعات کو بتایا کہ مغرب عرب پریس کے ڈائریکٹر جنرل ادریسی نے اپنے دورہ کے دوران اسلام آباد میں مغرب عرب پریس کے مقامی نمائندے کی تقرری کا ارادہ ظاہر کیا تھا۔

مراکش میں پاکستان کے سفیر نے رہنمائی اور تعاون پر وفاقی وزیر اطلاعات کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سفیر نے کہا کہ مذکورہ بالا اقدامات حکومت کی ”انگیج افریقہ“ پالیسی کو تقویت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور مراکش کی دو قومی نیوز ایجنسیوں کے مابین معلومات کے آزادانہ تبادلہ سے دونوں برادر ممالک کے درمیان تجارت، سیاحت، سرمایہ کاری اور مواقع کے بارے میں آگاہی کو فروغ ملے گا۔