وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کا جہلم میں عوامی اجتماع سے خطاب

89
APP81-27 JHELUM: October 27 - Federal Minister for Information and Broadcasting, Chadhary Fawad Hussain addressing Workers Convention. APP

جہلم۔ 27 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور دنیا بھر میں کشمیری عوام اور انسانی حقوق کے علمبردار کشمیر پر بھارتی قبضہ کے دن کو یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں، آج کشمیر کے لوگوں کی آزادی تک کشمیریوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہنے کا عہد کرتے ہیں،آصف علی زرداری، نواز شریف کا شور صرف اس بات پر ہے کہ ہمارے خلاف کیس اور انکوائریاں روک دی جائیں لیکن حساب سب کا ہوگا اور کوئی این آر او نہیں اور نہ کوئی اس کی توقع کرے،عوام نے تحریک انصاف کو احتساب کےلئے ووٹ دیا ہے، حساب دینے پڑے گا ، اگر حساب کتاب نہ ہوا تو ملک کو نقصان ہوگا، اپوزیشن کے پاس لیڈر شپ اور نظریہ نام کی کوئی چیز نہیں ہے، مولانا فضل الرحمن ، نواز شریف اور آصف زرداری کی سیاست ڈوب رہی ہے، اسرائیلی جہاز کی پاکستان آمد کا شوشہ یوم سیاہ کو متنازع بنانے کےلئے چھوڑا گیا، پاکستان کی حکومت اور فوج کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو جہلم میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تقریبا 70سال قبل آج کے دن 27اکتوبر کو بھارت نے کشمیر جنت نظیر پر دھاوا بول دیا اور کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر لیا ،اس وقت سے اب تک 70ہزار سے زائد کشمیری اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر چکے ہیں اور 10ہزار سے زائد کشمیریوں کو غائب کر دیا گیا ہے اور خواتین کی آبرو ریزی کی جا رہی ہے۔مسلمانوں کے ساتھ ہندوستان کی ریاست کی طرف سے بیہمانہ سلوک کیا جارہا ہے ۔انہوںنے کہا کہ مجھے یقین ہے بھارت کشمیر پر اب زیادہ دیر تک قبضہ برقرار نہیں رکھ سکے گا اور بہت جلد کشمیر آزاد ہوگا۔