وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدر ی فواد حسین کا بھارت سے آئے مہمانوں کے اعزاز میں حضوری باغ میں منعقدہ تقریب سے خطاب

102
APP09-17 ISLAMABAD: August 20 - Federal Minister for Information and Broadcasting, Fawad Chaudhary, assumed his office. APP

لاہور۔27 نومبر(اے پی پی ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدر ی فواد حسین نے کرتار پور راہداری کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کو تاریخی موقع قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا فیصلہ تاریخ ساز ہے، کرتار پور بارڈر کا راستہ کھول کر پاکستان نے تاریخ کا نیا رخ متعین کر دیا ہے۔ انھوں نے منگل کی رات بھارت سے آئے مہمانوں کے اعزاز میں حضوری باغ میں منعقدہ تقرےب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرتار پور بارڈر کھولنے کے حوالے سے پاکستان امن کی طرف بڑھا ہے، وزیر اعظم عمران خان کا فیصلہ تاریخ ساز ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ غربت کے خاتمے کے لئے امن ناگزیر ہے، دنیا نے دیکھا کہ پاکستان کا کردار مثبت ہی نہیں قائدانہ بھی رہا، انہوں نے کہا کہ بھارت کے کچھ عناصر اپنی انتخابی سیاست کے لئے نفرت کے بیج بوتے ہیں، پاکستان نے سات دہائیوں سے جاری لڑائی اور کشیدگی کو ختم کرنے کی طرف ہاتھ بڑھایا ہے، امن کےلئے کھڑے ہو کر پاکستان نے دنیا بھر کو ایک مثبت پیغام دیا۔انھوں نے مزید کہا کہ بھارت میں کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ آنکھیں بند کرنے سے مسائل ختم ہو جائیں گے، انہوں نے کہا کہ بھارت میں ایک طبقہ یہ بھی سمجھتا ہے کہ پاکستان پر الزام تراشی سے اسکے اندرونی مسائل حل ہو جائیں گے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ہمسائیگی کا رشتہ وہی اچھا ہوتا ہے جس میں تعلقات اچھے ہوں‘ اگر پاکستان اور بھارت کے درمیان بات چیت نہیں ہوگی‘ آنا جانا نہیں ہوگا تو تعلقات کیسے بہتر ہوں گے۔عمران خان کا یہ کہنا ہے کہ اس خطے میں بھارت اور پاکستان دو ہمسائے ہیں ہم دوست تو بدل سکتے ہیں مگر ہمسائیگی کے رشتے کو نہیں بدلا جاسکتا۔ بھارت اور پاکستان کی اکثریتی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ ہمیں انہیں بہتر مستقبل دینا ہے۔آپ نے یہاں یہ محسوس کیا ہوگا کہ لوگوں نے آپ کو کتنی محبت دی ہے۔ یہاں لوگوں کی لوگوں کے ساتھ چاہت بہت زیادہ ہے۔ کوئی لڑائی نہیں‘ مسائل موجود ہیں انہیں حل کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہے۔