وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا بھمبر میں ریجنل پاسپورٹ آفس کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب

183

بھمبر ۔ 16 اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹرپرویز رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف پر الزام لگانے والے خود لندن میں پاکستان کے فرزند اور محنت کش کے بیٹے صادق خان کے مقابلہ میں جیمز گولڈ سمتھ کے بیٹے کی انتخابی مہم چلا رہے ہیں، مسلم لیگ (ن) محنت کش کے بیٹے کے ساتھ کھڑی ہے، جو شخص ایک پاکستانی کی حمایت نہیں کرسکتا وہ پاکستانیوں اور کشمیریوں کے ووٹ کا بھی حقدار نہیں، خبروں کے ذریعے نواز شریف کے خلاف سازشوں کی طویل داستان ہے، نواز شریف کی قیادت میں جب ملک ترقی کے سفر پر گامزن ہوتا ہے تو انہیں کبھی قاتل اور کبھی ہائی جیکر قرار دیا جاتا ہے، پاکستان نے جو 3 سال میں کامیابیاں حاصل کی ہیں اس سے کشمیر کے عوام میں بھی خواہش پیدا ہو گئی ہے کہ یہاں بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہو، پاکستان کے عوام جب نواز شریف کو دیکھتے ہیں تو انہیں موٹروے اور طاقتور ایٹمی پاکستان نظر آتا ہے۔