وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین سے پی ایف یو جے ورکرز کے صدر پرویز شوکت کی ملاقات، حکومت صحافیوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے، چوہدری فواد حسین

71
Fawad Chaudhry
Fawad Chaudhry

اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین سے پی ایف یو جے ورکرز کے صدر پرویز شوکت نے پیر کو اپنے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت صحافیوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو ترجیحی بنیادوں پر صحت کارڈ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم اور کامیاب جوان پروگرام میں صحافیوں کے لئے خصوصی پیکیج متعارف کروائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ کے لئے جرنلسٹس پروٹیکشن بل موجودہ حکومت کا انقلابی قدم ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے پرویز شوکت پر گزشتہ دنوں فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے فائرنگ کے واقعے سے متعلق آئی جی اسلام آباد پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔