وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین سے ملائیشیا کے وزیر خارجہ سیف الدین عبداللہ کی ملاقات، افغانستان کی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال

79
وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین سے ملائیشیا کے وزیر خارجہ سیف الدین عبداللہ کی ملاقات، افغانستان کی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین سے ملائیشیا کے وزیر خارجہ سیف الدین عبداللہ نے اپنے وفد کے ہمراہ اتوار کو یہاں پارلیمنٹ ہائوس میں ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران افغانستان کی صورتحال، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں بشمول میڈیا وفود کے تبادلوں سمیت ڈرامہ اور فلم کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال ہوا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال اسی طرح خراب ہوتی رہی تو وہاں بہت بڑا انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے، افغانستان کی بڑی آبادی خط غربت سے نیچے زندگی گذار رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو افغانستان کو مشکلات سے نکالنے کے لئے اپنی کوششیں بروئے کار لانا ہوں گی، افغانستان کی مدد کے لئے دنیا کو آگے آنا ہوگا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے دونوں ممالک کے درمیان میڈیا روابط کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ فلم اور ڈرامہ کی صنعت میں بھی دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہو سکتے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستانی ڈراموں نے دیگر زبانوں میں ترجمہ کے ساتھ اپنا ایک مقام بنایا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ پاکستانی ڈراموں کو ملائیشیا کے عوام کو بھی پیش کیا جائے۔

اس موقع پر ملائیشیا کے وزیر خارجہ سیف الدین عبداللہ نے افغانستان میں امن و استحکام بالخصوص افغان عوام کی مشکل وقت میں مدد کرنے پر پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسلامی ممالک کی تنظیم کا اہم رکن اور مسلم امہ میں اہم مقام رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ او آئی سی کانفرنس کے انعقاد کیلئے پاکستان کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔ ملائیشیا کے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ میڈیا، فلم اور ڈرامہ انڈسٹری میں تعاون کو فروغ دیں گے۔ ملاقات میں وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب بھی موجود تھے۔