اسلام آباد۔2مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین سے سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور وزیراعظم عمران خان کی جانب سے دورہ لاہور کے دوران چوہدری شجاعت حسین کی صحت دریافت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان پیکا قانون سمیت دیگر اہم امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔چوہدری پرویز الٰہی نے وفاقی وزیر اطلاعات کو پیکا قانون پر میڈیا پارٹیز کے تحفظات سے آگاہ کیا۔
چوہدری فواد حسین نے کہا کہ سپیکر پنجاب اسمبلی پیکا قانون پر میڈیا اور حکومت کے درمیان ثالث کا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آزادی اظہار رائے پر کامل یقین رکھتی ہے۔
چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ہم موثر ریگولیشن پر کام کر رہے ہیں۔ وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ حکومت تنقید کا خیرمقدم کرتی ہے لیکن تنقید کی آڑ میں کسی کی ذات پر حملہ کرنا قطعاً درست نہیں۔
چوہدری فواد حسین نے کہا کہ سپیکر پنجاب اسمبلی کے میڈیا فریقین کے ساتھ جو بھی معاملات طے ہوں گے حکومت ان پر عمل درآمد کرے گی ۔