جہلم ۔29جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے ہفتہ کو للہہ تا جہلم ڈوئل کیرج وے منصوبے پر تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات کو منصوبے پر جاری کام کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے منصوبے پر کام کی رفتار اور معیار پر اطمینان کا اظہار کیا اور منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
واضح رہے کہ 13 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی اس سڑک سے علاقے میں کاروباری سرگرمیوں سمیت کھیوڑہ کان اور قلعہ نندنا جیسے سیاحتی مقامات کو فروغ حاصل ہوگا۔
وزیراعظم عمران خان نے للہہ تا جہلم ڈوئل کیرج وے منصوبہ آئندہ سال مارچ 2023 میں مکمل کرنے کی خصوصی ہدایت کی ہے۔
منصوبہ کا پہلا فیز للہہ انٹرچینج سے پنڈ دادنخان اور دوسرا فیز مصری موڑ سے بخاری چوک رواں سال جون میں مکمل ہو جائے گا۔ یہ منصوبہ منڈی بہائو الدین، جہلم، سرگودھا ور خوشاب کے عوام کی تقدیر بدل دے گا۔