اسلام آباد۔3جون (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شفاف انتخابات کا ضامن ہے، آج ہر شعبہ میں ٹیکنالوجی کو اہمیت حاصل ہے، ہمیں عصر حاضر کے تقاضوں کے ساتھ چلنا ہوگا، ایسا انتخاب چاہتے ہیں جس پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے، وکلاءکو الیکٹورل ریفارمز پر اپنی رائے دینی چاہئے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو پاکستان بار کونسل اور ڈسٹرکٹ بار کونسل فیصل آباد کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل بھی موجود تھے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ راولپنڈی، ملتان، اسلام آباد بار کونسلوں کی طرح فیصل آباد بار کونسل بھی اپنے انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر کروانے کے لئے ای وی ایم سے استفادہ کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مفاد ہم سب کے لئے مقدم ہے، بار ایسوسی ایشنز قومی ایشوز پر اپنا قائدانہ کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ وکلاءکا معاشرے میں کلیدی کردار ہے، آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کیلئے ان کا روشن کردار ملکی تاریخ کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں ہائی کورٹ بینچ کے قیام کی تجویز پر ضرور غور کریں گے، وکلاءکو وزیراعظم کی نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم میں شامل کیا جائے گا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ لو کاسٹ ہائوسنگ سکیم میں وکلاءکو میرٹ پر گھر فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وکلاءکے مسائل سے آگاہ ہیں، بار ایسوسی ایشن اپنی سفارشات مرتب کرے۔ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے یقین دلایا کہ وہ آئین اور قانون کی عمل داری میں حکومت کے شانہ بشانہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی سطح کے معاملات میں بار ایسوسی ایشن اپنا قائدانہ کردار ادا کرے گی۔ ملاقات کرنے والوں میں پاکستان بار کونسل کے رکن اشتیاق اے خان، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن فیصل آباد کے صدر اختر علی ورک، سیکریٹری خرم اعجاز گالوں، ممبران فرخ گل ایڈووکیٹ، ملک خالد شفیق، خالد اعوان اور کنوینر ظفر اقبال منگن جبکہ انصاف لائرز فورم (آئی ایل ایف) فیصل آباد کے صدر جاوید شریف بندیشہ اور سیکریٹری فائنانس آئی ایل ایف فیصل آباد منصور بٹ شامل تھے۔