وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کا ممتاز شاعر، صحافی اور کالم نگار ڈاکٹر اجمل نیازی کے انتقال پر اظہار افسوس

181

اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے ممتاز شاعر، صحافی اور کالم نگار ڈاکٹر اجمل نیازی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

پیر کو اپنے تعزیتی بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مرحوم نے نہ صرف شعبہ تعلیم میں خدمات انجام دیں بلکہ وہ صحافت جیسے عظیم شعبے سے بھی وابستہ رہے، ڈاکٹر اجمل نیازی مرحوم نے اردو اور پنجابی شاعری کے ساتھ ساتھ 45 سال تک ادب کی خدمت میں گذارے۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ روزنامہ نوائے وقت میں ’بے نیازیاں‘ کے عنوان سے مرحوم اجمل نیازی کے کالم لوگوں میں بے حد مقبول تھے، ان کے انتقال سے شعبہ صحافت، شعبہ تعلیم اور ادب کے میدان میں پیدا ہونے والا خلا کبھی پر نہیں ہوگا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین