اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای ) کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دی ہے۔
جمعرات کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے سی پی این ای کے صدر کاظم خان، سینئر نائب صدر ایاز خان، سیکرٹری جنرل عامر محمود اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل یوسف عارف نظامی کو نئی ذمہ داریوں پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سی پی این ای ملک میں شاندار صحافتی روایات کی امین ہے،
ملک میں جمہوریت کے فروغ، صحافتی اقدار کی پاسداری اور عوام کو باشعور بنانے میں سی پی این ای کا کردار لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آزادی اظہار رائے کے جمہوری اور بنیادی حق پر کامل یقین رکھتی ہے۔
چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ملک میں آزادی صحافت کے فروغ اور فعال میڈیا کی ترقی کے لئے ہرممکن حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نومنتخب عہدیداران صحافت کے شعبے کی بہتری اور میڈیا صنعت کی فلاح و بہبود کے لئے صحافتی برادری کی توقعات پر پورا اتریں گے