اسلام آباد۔20دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے جہلم۔ پیر شہاب جی ٹی روڈ پر کار اور ٹرک کے تصادم کے نتیجہ میں دو صحافیوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
پیر کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے حادثہ میں جاں بحق ہونے والے صحافیوں ملک بوستان (دنیا نیوز) اور شیخ رضا (کوہ نور ٹی وی) کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔
انہوں نے حادثہ میں زخمی ہونے والے صحافی غلام قادر (پبلک نیوز) اور افضل (ٹی وی ٹوڈے) کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے ڈپٹی کمشنر جہلم کو زخمی صحافیوں کے علاج معالجہ جبکہ ڈی پی او جہلم کو واقعہ کی تحقیقات کی بھی ہدایت کی۔