اسلام آباد۔7جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ فوٹو جرنلسٹ، وڈیو جرنلسٹ اور ڈیجیٹل پروڈیوسرز، نیوز اور کرنٹ آفئیرز پرڈیوسرز پوری دنیا میں بطور صحافی جانے جاتے ہیں، صحافیوں کو وزیراعظم کی جانب سے صحت کارڈ کی سہولیات سمیت نیا پاکستان ہاوسنگ سکیم میں بھی ترجیحی بنیادوں پر شامل کیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار وزیر اطلاعات نے ویمن جرنلسٹ ایسوسی ایشن اور ویڈیو جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے دوارن کیا، جنہوں نے جمعہ کو یہاں وفاقی وزیر سے ملاقات کی۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ خبروں اور حالات حاضرہ میں کام کرنے والے الیکٹرانک میڈیا کے فوٹو اور ویڈیو صحافی اور پروڈیوسرز کو پوری دنیا میں صحافی قرار دیا جاتا ہے۔
چوہدری فواد حسین نے کہا کہ صحافیوں کو وزیراعظم کی جانب سے صحت کارڈ کی سہولیات سمیت نیا پاکستان ہاو سنگ سکیم میں بھی ترجیحی بنیادوں پر شامل کیا جائے۔ اس موقع پر وومن جرنلسٹ ایسوسی ایشن کی جوائنٹ سیکریٹری نے حکومت سے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے انتخابات 2022 الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعےکرانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ہر سال انتخابات کی شفافیت کوصحافی برادری چیلنج کرتی ہے جس سے ادارے کا وقار مجروح ہوتا ہے۔
وفد نے کہا کہ نیشنل پریس کلب کے امیدواران کو چاہیئے کہ اپنے اثاثوں کے گوشوارے جمع کروائیں اور ٹیکس فائیلر اور نان فائلر ڈیکلیئر کریں۔ ویمن جرنلسٹ ایسوسی ایشن نے مریم نواز اور سابق وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کی مبینہ آڈیو لیکس کی بھی بھر پور مذ مت کی اور کہا کہ انکی یہ آڈیو ن لیگ کی پارٹی کا آزادی اظہار رائے پہ قدغن کا عملی ثبوت ہے۔
وومن جرنلسٹ ایسوسی ایشن نے کہا کہ مریم نواز اگر اپنی منشا سے ن لیگ میڈیا سیل کی طرز پہ پاکستانی میڈیا کو چلانا چاہتی ہیں جو ان کے ریاست مخالف بیانیے کی پاسداری کریں تو یہ ناممکن ہے۔
اس موقع پر سید شاہین گردیزی سابقہ صدر ویڈیو جرنلسٹس ایسوسی ایشن، محمد جمیل اعوان فنانس سیکرٹری ویڈیو جرنلسٹس ایسوسی ایشن، فیصل مسعود خان، سنئیر نائب صدر، سینئر اراکین عبدالرافع، خالد شاہ ، گل خان، ماجد خان بھی موجود تھے۔